نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو اتراکھنڈ ریاستی الیکشن کمیشن کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں اس نے اتراکھنڈ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا تھا۔ یہ معاملہ گرام پنچایت انتخابات میں امیدواروں کے نام ایک سے زیادہ ووٹر لسٹ میں درج ہونے سے متعلق تھا۔
عدالت نے نہ صرف یہ درخواست خارج کر دی بلکہ کمیشن پر دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی بنچ نے سماعت کے دوران کہا کہ کمیشن کا رویہ قانون کے خلاف ہے۔ عدالت نے یہ سوال اٹھایا کہ آخر کمیشن کس بنیاد پر قانونی دفعات کے خلاف جا سکتا ہے۔
اس تبصرے کے ساتھ ہی بنچ نے کمیشن کی درخواست خارج کر دی۔ اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے جولائی میں کمیشن کی اس وضاحت پر روک لگا دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اگر امیدوار کا نام ایک سے زیادہ گرام پنچایتوں کی ووٹر لسٹ میں درج ہے تب بھی اس کا نامزدگی فارم مسترد نہیں کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ نے مانا تھا کہ یہ وضاحت اتراکھنڈ پنچایتی راج ایکٹ 2016 کی دفعات کے منافی ہے۔
ایکٹ کی دفعہ 9(6) اور 9(7) صاف کہتی ہیں کہ کوئی بھی شخص ایک سے زیادہ علاقائی انتخابی حلقوں کی ووٹر لسٹ میں درج نہیں ہو سکتا۔ ساتھ ہی، اگر کسی شخص کا نام کسی میونسپل کارپوریشن، میونسپلٹی، نگر پنچایت یا چھاؤنی کونسل کی ووٹر لسٹ میں درج ہے تو وہ اس وقت تک گرام پنچایت کی لسٹ میں شامل نہیں ہو سکتا جب تک کہ اس کا نام پہلی لسٹ سے حذف نہ کیا گیا ہو۔
الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ امیدوار کا نامزدگی فارم صرف اس بنیاد پر مسترد نہیں ہونا چاہیے کہ اس کا نام کئی ووٹر لسٹوں میں ہے۔ لیکن ہائی کورٹ نے اس دلیل کو مسترد کر دیا اور کہا کہ یہ قانون کے واضح ارادے کے خلاف ہے۔ سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے کمیشن کی درخواست کو بے بنیاد قرار دیا۔
اس پورے معاملے نے انتخابی عمل میں شفافیت اور قانونی دفعات کی پاسداری پر زور دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کمیشن کو یہ صاف پیغام دیا ہے کہ انتخابی عمل میں کسی بھی قسم کی نرمی یا قانونی دفعات کی نظراندازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ مستقبل میں الیکشن کمیشنوں کے کردار اور ذمہ داریوں پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔