نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے دہلی-این سی آر کے عوام کو دیوالی کا تحفہ دے دیا ہے۔ دہلی-این سی آر میں پتاخوں پر پابندی کے معاملے میں چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس ونود چندرن کی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے یہاں گرین پتاخے جلانے کی اجازت دے دی ہے۔ پچھلی سماعت کے دوران عدالت نے پتاخوں کی پابندی میں چھوٹ دینے کے اشارے دیے تھے۔
سپریم کورٹ نے پچھلی سماعت میں کہا تھا کہ دہلی-این سی آر میں پتاخے پھوڑنے پر مکمل پابندی لگانا نہ تو عملی ہے اور نہ ہی مثالی صورت ہے۔ عدالت نے دیوالی کے موقع پر دہلی-این سی آر میں پتاخوں کی پابندی میں نرمی کی اور کہا کہ انہیں صرف مقررہ مقامات پر ہی جلایا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم نے ماحولیاتی تحفظ، تہواروں کے جذبات اور پتاخہ سازوں کے روزگار کے حقوق کو مدنظر رکھا ہے۔
سپریم کورٹ کی ہدایات
نیری سے منظور شدہ گرین پتاخوں کی فہرست میں شامل پتاخے پھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
صرف مقررہ مقامات پر استعمال کریں۔
خلاف ورزی کرنے پر دکانداروں کو سزا دی جائے گی۔
دہلی/این سی آر کے باہر سے کوئی بھی پتاخہ نہیں لایا جائے گا۔
آن لائن فروخت نہیں کی جائے گی۔
اچانک معائنہ کیا جائے گا۔
پچھلی سماعت میں سپریم کورٹ کے اشارے
۔10 اکتوبر کو پچھلی سماعت میں سپریم کورٹ نے گرین پتاخوں کی تیاری اور فروخت کی اجازت دینے والی درخواستوں پر اپنا حکم محفوظ رکھا تھا۔ عدالت نے اہلکاروں سے پوچھا تھا کہ کیا پتاخوں پر پابندی کے بعد ایئر کوالٹی انڈیکس پر کوئی اثر پڑا ہے۔
عدالت نے دہلی میں سمگل شدہ پتاخوں کا کیوں ذکر کیا؟
چیف جسٹس گوائی نے سماعت کے دوران کہا کہ چونکہ پتاخے سمگل کیے جاتے ہیں، اس لیے وہ گرین پتاخوں سے زیادہ نقصان دہ ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ہمیں اس معاملے میں متوازن نقطہ نظر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ بیرونی علاقوں سے این سی آر میں کسی بھی قسم کے پتاخے کی اجازت نہیں ہوگی۔ عدالت نے کہا کہ جعلی گرین پتاخے پائے جانے پر لائسنس معطل کر دیا جائے گا اور گرین پتاخوں کی آن لائن فروخت نہیں ہوگی۔
چیف جسٹس گوائی کے بیانات
چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے سولیسٹر جنرل اور اَمیکَس کیوری کے مشوروں پر غور کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں صنعت کے شعبے کی بھی تشویشیں ملیں۔ روایتی پتاخے سمگل کیے جاتے ہیں جو زیادہ نقصان دہ ہیں۔ ہمیں ایک متوازن نقطہ نظر اپنانا ہوگا۔
ہریانہ کے 22 اضلاع میں سے 14 ضلعے این سی آر میں شامل ہیں۔ جب پابندی لگائی گئی تھی، کووِڈ کے دور کو چھوڑ کر، ہوا کے معیار میں زیادہ فرق نہیں آیا تھا۔ گرین پتاخوں کے آنے کے بعد پچھلے چھ سالوں میں آلودگی میں کافی کمی آئی ہے، جس میں نیری کا بھی حصہ ہے۔