سپریم کورٹ نے آسا رام کے لیے میڈیکل بورڈ بنایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 21-07-2026
سپریم کورٹ نے آسا رام کے لیے میڈیکل بورڈ بنایا
سپریم کورٹ نے آسا رام کے لیے میڈیکل بورڈ بنایا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے خود ساختہ مذہبی پیشوا آسا رام کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے منگل کے روز آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ڈائریکٹر کو ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی۔ آسا رام نے طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت کی درخواست دی ہے۔ 80 سال سے زائد عمر کے آسا رام کی 2013 میں ایک نابالغ لڑکی سے عصمت دری کے مقدمے میں سزا کو راجستھان ہائی کورٹ نے 27 مئی کو برقرار رکھا تھا۔

جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورا لے پر مشتمل بنچ نے میڈیکل بورڈ کو ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ صرف تین ماہ قبل آسا رام کاشی وشوناتھ اور ایودھیا کا سفر کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا، "انہیں اس بنیاد پر عبوری ضمانت دی گئی تھی کہ وہ بے ہوشی کی حالت میں ہیں، لیکن اب وہ سفر کر رہے ہیں۔"

اس پر عدالت نے کہا کہ وہ باقاعدہ ضمانت نہیں دے رہی، بلکہ پہلے یہ اطمینان ضروری ہے کہ طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت واقعی درکار ہے یا نہیں۔ اس کے لیے پہلے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کا انتظار کیا جائے گا۔ آسا رام کے وکیل نے تجویز دی کہ معاملہ ایمس کے ڈائریکٹر کے سپرد کیا جائے، جو ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیں تاکہ مکمل طبی معائنہ کیا جا سکے۔

اس کے بعد بورڈ یہ رپورٹ دے گا کہ آیا آسا رام کو مریض کی حیثیت سے اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ راجستھان ہائی کورٹ نے آسا رام کو نابالغ سے عصمت دری کے جرم میں دی گئی سزا برقرار رکھی تھی، تاہم مبینہ اجتماعی عصمت دری اور پوکسو قانون کی بعض دفعات کے تحت لگائے گئے کچھ الزامات سے انہیں بری کر دیا تھا۔

تاہم عدالت نے تعزیراتِ ہند کی دفعہ 376(2)(f) کے تحت نابالغ سے عصمت دری کے جرم میں ان کی سزا اور عمر قید کو برقرار رکھا۔ اس کے علاوہ عدالت نے غیر قانونی حراست، انسانی اسمگلنگ، مجرمانہ دھمکی، خاتون کی عزت مجروح کرنے، جنسی ہراسانی، پوکسو ایکٹ اور جووینائل جسٹس ایکٹ کے تحت سنائی گئی سزائیں بھی برقرار رکھی تھیں۔ واضح رہے کہ 25 اپریل 2018 کو ماتحت عدالت نے آسا رام کو اپنے آشرم میں ایک نابالغ طالبہ سے عصمت دری کا مجرم قرار دیتے ہوئے مختلف قوانین کے تحت عمر قید کی سزا سنائی تھی۔