نئی دہلی: سپریم کورٹ نے ہریانہ کے امبالہ میں عدالت اور تفتیشی ایجنسیوں کے جعلی احکامات کی بنیاد پر ایک بزرگ جوڑے کو ’ڈیجیٹل گرفتاری‘ کا نشانہ بنا کر ان سے 1.05 کروڑ روپے کی وصولی کے واقعے کو جمعہ کے روز سنجیدگی سے لیا۔
جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوئمالیہ باگچی کی بینچ نے ملک بھر میں ڈیجیٹل گرفتاری کے بڑھتے ہوئے معاملات پر تشویش ظاہر کی اور 73 سالہ خاتون کی جانب سے چیف جسٹس بی آر گوئی کو لکھے گئے خط پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے مرکزی حکومت اور سی بی آئی سے جواب طلب کیا۔
بینچ نے کہا کہ بزرگ شہریوں سمیت بے گناہ لوگوں کو ڈیجیٹل گرفتاری کا نشانہ بنانے کے لیے سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے جعلی احکامات اور ججوں کے دستخطوں کی جعلسازی کرنا عوام کے عدالتی نظام پر اعتماد کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ ’ڈیجیٹل گرفتاری‘ ایک قسم کا آن لائن فراڈ ہے جس میں جعلساز خود کو کسی سرکاری ایجنسی یا پولیس افسر کے طور پر پیش کرتے ہوئے لوگوں پر قانون شکنی کا جھوٹا الزام لگاتے ہیں، انہیں دھمکاتے ہیں اور رقم وصول کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سپریم کورٹ نے کہا، "ججوں کے جعلی دستخطوں کے ساتھ عدالتی احکامات تیار کرنا صرف قانون کی حکمرانی ہی نہیں بلکہ عدالتی نظام میں عوام کے اعتماد کی بنیاد پر بھی حملہ ہے۔ اس قسم کی کارروائی ادارے کی ساکھ پر براہِ راست حملہ ہے۔" بینچ نے کہا کہ اس قسم کے سنگین مجرمانہ فعل کو صرف ایک عام دھوکہ دہی یا سائبر کرائم کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا۔ بینچ نے مزید کہا: "ہم اس حقیقت کا بھی نوٹس لینا چاہتے ہیں کہ یہ کوئی اکیلا واقعہ نہیں ہے۔
میڈیا میں کئی مرتبہ یہ خبریں آ چکی ہیں کہ ملک کے مختلف حصوں میں ایسے جرائم ہوئے ہیں۔ اس لیے ہمارا ماننا ہے کہ عدالتی دستاویزات کی جعلسازی، بے گناہ افراد، خاص طور پر بزرگ شہریوں سے جبراً رقم کی وصولی یا لوٹ مار سے جڑے مجرمانہ نیٹ ورک کا مکمل انکشاف کرنے کے لیے مرکز اور ریاستی پولیس کے درمیان مربوط کوششوں اور کارروائی کی ضرورت ہے۔"
بینچ نے اٹارنی جنرل سے تعاون طلب کیا اور ہریانہ حکومت اور امبالہ سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کو بزرگ جوڑے کے کیس میں اب تک کی گئی تحقیقات پر ایک اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ یہ معاملہ شکایت گزار خاتون کی جانب سے عدالت کے سامنے لایا گیا، جنہوں نے الزام لگایا کہ فراڈیوں نے 3 سے 16 ستمبر کے درمیان جوڑے کی گرفتاری اور نگرانی کے متعلق اسٹامپ اور مہُر لگا کر ایک جعلی عدالتی حکم نامہ پیش کیا، اور مختلف بینک ٹرانزیکشنز کے ذریعے ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم ہتھیا لی۔
خاتون نے کہا کہ انہیں گرفتار کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے، کچھ افراد نے جعلی طور پر خود کو سی بی آئی اور ای ڈی کا افسر ظاہر کیا اور کئی آڈیو اور ویڈیو کالز کے ذریعے جعلی عدالتی احکامات دکھائے۔ سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ بھارتیہ نیائے سہِتا (BNS) کے مختلف دفعات کے تحت امبالہ کے سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ میں دو ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔