عدالتی اصلاحات سے متعلق مفادِ عامہ کی عرضی سپریم کورٹ نے مسترد کر دی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-01-2026
عدالتی اصلاحات سے متعلق مفادِ عامہ کی عرضی سپریم کورٹ نے مسترد کر دی
عدالتی اصلاحات سے متعلق مفادِ عامہ کی عرضی سپریم کورٹ نے مسترد کر دی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز وسیع عدالتی اصلاحات کے مطالبے پر مبنی ایک مفادِ عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اسے ’’تشہیری عرضی‘‘ قرار دیا، عدم اطمینان کا اظہار کیا اور عرضی کو مسترد کر دیا۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اس عدالت کو باہر موجود کیمروں سے خطاب کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

عرضی گزار نے یہ ہدایت دینے کی درخواست کی تھی کہ بھارت کی ہر عدالت میں کسی بھی مقدمے کا فیصلہ ایک سال کی مدت کے اندر کر دیا جائے۔ چیف جسٹس سوریاکانت، جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس جوی مالیا باگچی پر مشتمل بنچ نے سوال اٹھایا کہ وہ ایسا حکم کیسے جاری کر سکتی ہے جس کے تحت تمام مقدمات کا ایک سال کے اندر نمٹارہ لازمی قرار دیا جائے۔

یہ مفادِ عامہ کی عرضی کملیش ترپاٹھی کی جانب سے دائر کی گئی تھی، جو خود ہی عدالت میں پیش ہو کر اس کی پیروی کر رہے تھے۔ سماعت کے دوران ترپاٹھی نے اپنی دلیلیں ہندی زبان میں پیش کرنے کی اجازت طلب کی۔ ’’ملک میں تبدیلی لانے‘‘ سے متعلق ان کی درخواست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ ایسی خواہشات کے لیے باضابطہ عرضی مناسب ذریعہ نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا، "آپ ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں نا؟ اس کے لیے ایسی عرضی دائر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

آپ مجھے ایک خط لکھ کر بھیج دیجیے۔" بنچ نے خاص طور پر ’’تشہیری عرضی‘‘ دائر کرنے کے مقصد پر تنقید کی۔ چیف جسٹس نے کہا، "آپ لوگ صرف باہر کھڑے کیمرا مینوں کے سامنے بولنے کے لیے عرضیاں دائر نہ کیا کریں۔" عرضی گزار کے مطالبے کی عملی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے چیف جسٹس نے پوچھا، "آپ کہہ رہے ہیں کہ ایک سال میں ہر عدالت فیصلہ کرے؟

اس کے لیے آپ کو کتنی عدالتیں درکار ہوں گی؟" بنچ نے اپنے حکم میں کہا کہ اگر عرضی گزار چاہے تو عدالتی اصلاحات سے متعلق انتظامی امور کے حوالے سے چیف جسٹس کو ایک خط پیش کر سکتا ہے، جس میں اگر کوئی تجاویز ہوں تو وہ دی جا سکتی ہیں۔ عدالت نے واضح کیا کہ اس طرح کی تمام تجاویز کا ہمیشہ خیر مقدم کیا جاتا ہے۔