بہار ایس آئی آر کیس: سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو ہدایات

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-08-2025
بہار ایس آئی آر کیس: سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو ہدایات
بہار ایس آئی آر کیس: سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو ہدایات

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
بہار ایس آئی آر یعنی خصوصی ووٹر فہرست نظرِ ثانی معاملے میں سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نظام پاشا نے عدالت میں دلیل دیتے ہوئے کہا کہ فارم جمع کرنے کے باوجود لوگوں کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا جا رہا ہے۔ 
صرف ایک ہی بوتھ سے 231 افراد کے نام ہٹا دیے گئے ہیں جو 2003 کی ووٹر فہرست میں شامل تھے۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران جسٹس باغچی نے کہا کہ ہم درخواست گزاروں کا خیر مقدم کرتے ہیں، وہ ہمیں فہرست دیں تاکہ معاملات کو درست کیا جا سکے۔ بہار کو اس طرح پیش کیا گیا جیسے یہ ایک غریب ریاست ہے اور یہاں کچھ بھی ڈیجیٹل نہیں ہے۔ ہر جگہ سیلاب ہے، کوئی سرٹیفکیٹ دستیاب نہیں۔ ایسا دکھایا گیا جیسے یہ اندھیروں کے دور میں جی رہا ہو۔ پہلے صدرِ مملکت بہار سے تھے، یہ علم کی سرزمین ہے۔
الیکشن کمیشن جاری کرے گا ڈیٹا
جسٹس سری کانت نے اس معاملے کی سماعت کے دوران کہا کہ بہار اور دیگر ریاستوں میں غریب آبادی ہے، یہ ایک حقیقت ہے۔ دیہی علاقوں کو ابھی وقت لگے گا۔ اس دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ 65 لاکھ ووٹروں کے نام جو فہرست سے ہٹائے گئے ہیں، انہیں عوام کے سامنے کیوں نہیں لایا گیا؟ عدالت نے کہا کہ یہ ڈیٹا عوامی کیا جانا چاہیے۔ جس پر الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ ٹھیک ہے، اگر عدالت کا یہ حکم ہے تو وہ یہ ڈیٹا عوام کے سامنے پیش کر دیں گے۔ اس دوران جسٹس کانت نے کہا کہ اگر 22 لاکھ لوگ مردہ پائے گئے ہیں تو ان کے نام کیوں ظاہر نہیں کیے جا رہے؟
۔22 اگست کو ہوگی اگلی سماعت
سپریم کورٹ نے بہار ایس آئی آر معاملے پر الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ منگل تک 65 لاکھ افراد کا ڈیٹا ضلعی سطح کی ویب سائٹ پر عوامی کریں اور ان کے ہٹائے جانے کی وجہ بھی بتائیں۔ عدالت نے کہا کہ بوتھ سطح کے افسر بھی ہٹائے گئے ووٹروں کی فہرست آویزاں کریں۔ واضح رہے کہ اس معاملے میں اگلی سماعت اب 22 اگست کو ہوگی۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن مردہ، منتقل شدہ یا دیگر وجوہات سے ہٹائے گئے ووٹروں کے نام واضح طور پر فہرست میں دکھائے اور معلومات کو عوامی ڈومین میں ڈالے۔