آسارام کو عبوری ضمانت سے سپریم کورٹ کا انکار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-08-2026
آسارام کو عبوری ضمانت سے سپریم کورٹ کا انکار
آسارام کو عبوری ضمانت سے سپریم کورٹ کا انکار

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات کو نابالغ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کے 2013 کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے خود ساختہ مذہبی رہنما آسارام کو فی الحال عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیا، تاہم انہیں چوبیس گھنٹے دیکھ بھال کے لیے اپنی پسند کے تربیت یافتہ نگہداشت کار (کیئر ٹیکر) کی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دے دی۔

جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پی بی ورالے پر مشتمل بنچ نے آسارام کی صحت کی بنیاد پر دائر عبوری ضمانت کی درخواست کو زیر التوا رکھتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی صحت مزید خراب ہوتی ہے تو وہ دوبارہ عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں۔ سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل تشور مہتا نے عدالت کو بتایا کہ آسارام نے یہ حقیقت عدالت سے چھپائی ہے کہ ان کے وکیل نے پیرول کے لیے بھی درخواست دے رکھی ہے۔ اس پر آسارام کے وکیل نے کہا کہ پیرول کی درخواست کافی پہلے دی گئی تھی اور وہ صحت کی بنیاد پر نہیں بلکہ دیگر وجوہات کی بنا پر دائر کی گئی تھی۔

اس سے قبل راجستھان ہائی کورٹ نے آسارام کو 20 دن کی پیرول دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی حکومت ان کی پیرول درخواست مسترد کرنے کی مناسب وجہ پیش کرنے میں ناکام رہی۔ ہائی کورٹ نے 85 سالہ آسارام، جو جودھ پور سینٹرل جیل میں قید ہیں، کو یہ راحت دیتے ہوئے ان کی طویل قید اور ماضی میں عبوری رہائی کے دوران ان کے رویے کو بھی مدنظر رکھا تھا۔

سپریم کورٹ کو اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ماہرین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ آسارام کو اسپتال میں داخل کرنے کی ضرورت نہیں، تاہم انہیں چوبیس گھنٹے طبی نگرانی اور معاونت درکار ہے۔ 21 جولائی کو سپریم کورٹ نے ایمس کو ہدایت دی تھی کہ وہ آسارام کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دے۔

یاد رہے کہ 27 مئی کو راجستھان ہائی کورٹ نے 2013 کے نابالغ لڑکی سے زیادتی کے مقدمے میں آسارام کی سزا اور عمر قید کو برقرار رکھا تھا۔ اس کے بعد 30 جون کو سپریم کورٹ نے آسارام کی اس اپیل پر، جس میں انہوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے، راجستھان حکومت سے جواب طلب کیا تھا۔

راجستھان ہائی کورٹ نے اگرچہ اجتماعی زیادتی اور بچوں کے جنسی جرائم سے تحفظ (پوکسو) قانون کے تحت بعض الزامات سے آسارام کو بری کر دیا تھا، تاہم تعزیراتِ ہند کی دفعہ 376(2)(F) کے تحت نابالغ سے زیادتی کے جرم میں ان کی سزا برقرار رکھی، جس کے نتیجے میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی عمر قید کی سزا برقرار رہی۔

اس کے علاوہ ہائی کورٹ نے تعزیراتِ ہند کی دفعات 342 (غیر قانونی حراست)، 370(4) (انسانی اسمگلنگ)، 506 (دھمکی دینا)، 509 (خاتون کی عزتِ نفس کی توہین) اور 354(A) (جنسی ہراسانی) کے تحت بھی سزا برقرار رکھی، جبکہ پوکسو ایکٹ کی دفعات 7/8 اور جووینائل جسٹس ایکٹ کی دفعہ 23 کے تحت بھی آسارام کی سزا کو برقرار رکھا گیا۔