سپریم کورٹ نے پپو یاد کو پٹنہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-05-2026
سپریم کورٹ نے پپو یاد کو پٹنہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا
سپریم کورٹ نے پپو یاد کو پٹنہ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز لوک سبھا کے رکن راجیش رنجن عرف پپّو یادو کو اجازت دی کہ وہ اپنی سکیورٹی کو “وائی” سے “زیڈ” کیٹیگری میں بڑھانے کی درخواست سے متعلق زیر التوا معاملے پر پٹنہ ہائی کورٹ سے رجوع کریں۔ پپّو یادو، جو بہار کے پورنیہ حلقے سے رکن پارلیمنٹ ہیں، نے گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گروہ سے مبینہ خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی سکیورٹی بڑھانے کی درخواست دی ہے۔

ان کے وکیل نے چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جویمالیا باغچی پر مشتمل بینچ کو بتایا کہ ہائی کورٹ نے 19 نومبر 2024 کو ان کی درخواست پر نوٹس تو جاری کیا تھا، لیکن اس کے بعد نہ تو حکم اپ لوڈ ہوا اور نہ ہی کیس کو سماعت کے لیے فہرست میں شامل کیا گیا۔ بینچ نے وکیل سے سوال کیا، “کیا آپ کو واقعی زیڈ کیٹیگری سکیورٹی کی ضرورت ہے؟”

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پپّو یادو کو بشنوئی گینگ سے دھمکیاں ملی ہیں اور بار بار درخواست کے باوجود ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے انہیں “وائی پلس” سکیورٹی دی گئی تھی لیکن وہ عملی طور پر موجود نہیں تھی۔ عدالت نے مزید پوچھا کہ کیا ان کے پاس نجی سکیورٹی گارڈز ہیں، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ ان کے پاس کوئی نجی سکیورٹی نہیں ہے۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے انہیں اجازت دی کہ وہ ہائی کورٹ میں ایک باقاعدہ درخواست دائر کریں تاکہ ان کی زیر التوا پٹیشن کو سماعت کے لیے مقرر کیا جا سکے۔ عدالت نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ہائی کورٹ اس درخواست پر غور کرے گا اور مناسب حکم جاری کرے گا۔ واضح رہے کہ مرکزی سکیورٹی نظام میں “وائی” کیٹیگری میں 11 جبکہ “زیڈ” کیٹیگری میں 22 سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جاتے ہیں۔ “زیڈ پلس” اس سے بھی اعلیٰ درجے کی سکیورٹی کیٹیگری ہوتی ہے۔