آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے آئین کے مسودے کو سپریم کورٹ کی منظوری

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-09-2025
آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے آئین کے مسودے کو سپریم کورٹ کی منظوری
آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے آئین کے مسودے کو سپریم کورٹ کی منظوری

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آل انڈیا فٹبال فیڈریشن کے آئین کے مسودے کو چند ترامیم کے ساتھ منظوری دے دی ہے اور فٹبال ادارے کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسے چار ہفتوں کے اندر عام اجلاس میں منظور کرے۔ یہ مسودہ سابق جج ایل. ناگیشور راؤ نے تیار کیا ہے۔

جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس جوئے مالیہ باگچی کی بنچ نے صدر کلیان چوبے کی سربراہی والی اے آئی ایف ایف کی موجودہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان کے انتخاب کو درست قرار دیا اور کہا کہ نئے سرے سے انتخابات کرانے کا کوئی مطلب نہیں ہے کیونکہ موجودہ عہدیداران کی میعاد ختم ہونے میں صرف ایک سال باقی ہے۔ عدالت نے 30 اپریل کو جسٹس راؤ کے تیار کردہ آئین کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے مسئلے پر فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔

اس سے پہلے عدالت نے کئی سینئر وکلاء جیسے رنجیت کمار، راہل مہرا اور امیکَس کیوری گوپال شنکرنارائنن کی جانب سے دی گئی کچھ اعتراضات اور تجاویز کو سنا۔ عدالت نے مختلف ریاستی فٹبال ایسوسی ایشنز اور سابق کھلاڑیوں کے اعتراضات پر کئی دن تک سماعت کی۔ جسٹس راؤ نے عدالت کی ہدایت پر تیار کردہ مسودے میں کئی اہم اصلاحات تجویز کی تھیں۔

کوئی بھی شخص اپنی زندگی میں زیادہ سے زیادہ 12 سال تک عہدے پر رہ سکتا ہے، بشرطیکہ وہ زیادہ سے زیادہ دو بار چار-چار سال کی مدت پوری کرے۔ آٹھ سال تک عہدیدار رہنے کے بعد چار سال تک کسی عہدے پر نہ رہنے کا Cooling-off Period لازمی ہوگا۔ کوئی بھی شخص 70 سال کی عمر کے بعد کھیل ادارے کا رکن نہیں رہ سکتا۔

ایگزیکٹیو کمیٹی میں 14 اراکین ہوں گے جن پر عمر اور میعاد کی پابندیاں لاگو ہوں گی۔ ان میں ایک صدر، دو نائب صدر (ایک مرد اور ایک خاتون)، ایک خزانچی اور دس دیگر ارکان شامل ہوں گے۔ ان دس میں سے پانچ ممتاز کھلاڑی ہوں گے جن میں دو خواتین بھی شامل رہیں گی۔ مسودہ آئین میں یہ بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ صدر سمیت عہدیداران کو عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے ہٹایا جا سکے، جو موجودہ آئین میں شامل نہیں ہے۔