سپریم کورٹ نے انسانی بنیادوں پر حاملہ خاتون وبچہ کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-12-2025
سپریم کورٹ نے انسانی بنیادوں پر حاملہ خاتون وبچہ کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی
سپریم کورٹ نے انسانی بنیادوں پر حاملہ خاتون وبچہ کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز بنگلہ دیش بھیجی گئی حاملہ خاتون اور اس کے آٹھ سالہ بچے کو انسانی بنیادوں پر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جائومالا باگچی کی بنچ نے مغربی بنگال حکومت کو ہدایت دی کہ وہ نابالغ بچے کی دیکھ بھال کرے اور بیربھوم ضلع کے چیف میڈیکل آفیسر حاملہ خاتون سونالی خاتون کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کریں۔

بنچ نے مرکز کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا کے اس بیان پر بھی غور کیا کہ متعلقہ حکام نے انسانی بنیادوں پر خاتون اور اس کے بچے کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے اور انہیں نگرانی میں رکھا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ بالآخر انہیں دہلی واپس لایا جائے، جہاں سے انہیں پکڑ کر بنگلہ دیش بھیجا گیا تھا۔

سینئر وکلاء کپِل سبل اور سنجے ہیگڑے نے عدالت سے درخواست کی کہ سونالی کے شوہر سمیت دیگر افراد جو بنگلہ دیش میں ہیں، انہیں بھی بھارت واپس لانے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں مہتا مرکز سے مزید ہدایات حاصل کر سکتے ہیں۔ مہتا نے کہا کہ وہ ان کے بھارتی شہری ہونے کے دعوے کو چیلنج کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے مطابق وہ لوگ بنگلہ دیشی شہری ہیں۔ مہتا نے کہا کہ مرکز صرف انسانی بنیادوں پر اس خاتون اور اس کے بچے کو بھارت آنے کی اجازت دے رہا ہے۔ خاتون کے والد نے کہا کہ ان کا خاندان گزشتہ 20 برسوں سے دہلی میں مقیم ہے اور روہنی سیکٹر 26 میں دیہاڑی مزدور کے طور پر کام کرتا ہے۔ پولیس نے 18 جون کو انہیں بنگلہ دیشی ہونے کے شبہے میں پکڑا اور 27 جون کو سرحد پار کروا کر بنگلہ دیش بھیج دیا تھا۔