جسٹس ورما کی عرضی پر سماعت کے لئے سپریم کورٹ رضامند

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-12-2025
جسٹس ورما کی عرضی پر سماعت کے لئے سپریم کورٹ رضامند
جسٹس ورما کی عرضی پر سماعت کے لئے سپریم کورٹ رضامند

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز الہ آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس یشونت ورما کی اس عرضی پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی، جس میں انہوں نے لوک سبھا اسپیکر کی جانب سے اپنے خلاف بدعنوانی کے الزامات کی جانچ کے لیے قائم کی گئی تحقیقاتی کمیٹی کو چیلنج کیا ہے۔

اس تحقیقاتی کمیٹی میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس اروند کمار، مدراس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس منیندر موہن شریواستو اور کرناٹک ہائی کورٹ کے سینئر وکیل بی وی آچاریہ شامل ہیں۔ جسٹس دیپانکر دتہ اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے لوک سبھا اسپیکر کے دفتر اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے جنرل سیکریٹریوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔

اس معاملے میں اگلی سماعت کے لیے 7 جنوری 2026 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ قابلِ ذکر ہے کہ قومی دارالحکومت میں 14 مارچ کو جج کے سرکاری رہائش گاہ کے اسٹور روم میں آگ لگنے کے بعد جلے ہوئے نوٹوں کے بنڈل برآمد کیے گئے تھے۔ سپریم کورٹ جسٹس ورما کی جانب سے دائر کی گئی اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جس میں جج (انکوائری) ایکٹ کے تحت لوک سبھا کی جانب سے تشکیل دی گئی تین رکنی کمیٹی کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا گیا ہے۔

جسٹس ورما کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے دلیل دی کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں جج کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق قرارداد پیش کرنے کے لیے یہ لازمی ہے کہ تین رکنی کمیٹی کی تشکیل لوک سبھا اور راجیہ سبھا دونوں کی جانب سے مشترکہ طور پر کی جائے، نہ کہ لوک سبھا اسپیکر کی جانب سے یکطرفہ طور پر۔

جج (انکوائری) ایکٹ، 1968 کے مطابق، جب کسی بھی ایوان میں جج کو ہٹانے کی قرارداد قبول کر لی جاتی ہے تو اسپیکر ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہیں، جو ان بنیادوں کی جانچ کرتی ہے جن پر جج کو عہدے سے ہٹانے (عام زبان میں مواخذہ) کا مطالبہ کیا گیا ہو۔