ممبئی/ آواز دی وائس
بالی ووڈ اداکار گووندا اگرچہ فلموں سے دور ہیں، لیکن وہ اپنی ذاتی زندگی کی وجہ سے اکثر سرخیوں میں رہتے ہیں۔ کافی عرصے سے یہ خبریں آتی رہی ہیں کہ اداکار اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے درمیان سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا۔ یہاں تک کہ کئی بار دونوں کے طلاق لینے کی بات بھی سامنے آئی، لیکن ہر بار اداکار کی اہلیہ نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا تھا۔ اب ایک بار پھر یہ جوڑی اپنی نجی زندگی کی وجہ سے چرچا میں ہے۔
دراصل، حال ہی میں یہ خبر سامنے آئی کہ سنیتا آہوجا نے مبینہ طور پر 5 دسمبر 2024 کو باندرہ فیملی کورٹ میں گووندا سے طلاق کی درخواست دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سنیتا نے ہندو میرج ایکٹ 1955 کی دفعہ 13 (1) (آئی)، (آئی اے) اور (آئی بی ) کے تحت عرضی دائر کی، جس میں بے وفائی، زیادتی اور الگ رہنے کو شادی ٹوٹنے کی بنیاد بتایا گیا۔ اب اس معاملے میں گووندا کے وکیل کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں دونوں کے رشتے کی حقیقت بتا دی ہے۔
عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے گووندا
عدالت نے مبینہ طور پر گووندا کو 25 مئی کو طلب کیا تھا، لیکن اداکار کسی بھی کارروائی میں ذاتی طور پر پیش نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے انہیں شو کاز نوٹس جاری کیا گیا۔ تاہم، سنیتا جون 2025 سے مسلسل سماعتوں اور عدالت کی جانب سے لازمی مشاورت کے سیشنز میں حاضر رہی ہیں، لیکن سرکاری کارروائیوں میں گووندا کی غیر موجودگی درج کی گئی۔
وکیل نے بتائی سچائی
اب، گووندا کے وکیل للت بندرا نے طلاق کی افواہوں پر ردِعمل دیا ہے۔انہوں نے كہا كہ کوئی کیس نہیں ہے، سب کچھ سلجھ رہا ہے، لوگ بس پرانی باتیں اٹھا رہے ہیں۔ اس گنیش چترتھی پر آپ سب انہیں ایک ساتھ دیکھیں گے، آپ کو گھر آنا چاہیے۔
ایئرپورٹ پر نظر آئے گووندا
طلاق کی خبروں کے بیچ گووندا کو ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔ انہوں نے پیپرازی کے کیمروں کی طرف مسکراتے ہوئے فلائنگ کس دیا اور کسی طرح کی ٹینشن میں نظر نہیں آئے۔
بیٹی ٹینا آہوجا کا ردِعمل
بات کرتے ہوئے گووندا اور سنیتا آہوجا کی بیٹی ٹینا نے بھی ردِعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا كہ یہ سب افواہیں ہیں۔ میں ان پر کوئی دھیان نہیں دیتی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے والدین اس پر کس طرح ردِعمل دیتے ہیں تو ٹینا نے کہا كہ کیا بولوں میں؟ وہ تو ملک میں بھی نہیں ہیں۔ مجھے ایک خوبصورت خاندان پاکر خود کو خوش نصیب محسوس ہوتا ہے اور میڈیا، مداحوں اور عزیزوں سے جو فکر، محبت اور حمایت ہمیں مل رہی ہے، اس کے لیے میں واقعی شکر گزار ہوں۔