نئی دہلی:سندر پچائی نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ہے۔ بھارت پہنچنے پر پچائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اے آئی امپیکٹ سمٹ کے لیے بھارت واپس آکر خوشی ہو رہی ہے اور یہاں ہمیشہ کی طرح گرمجوشی سے استقبال کیا گیا۔
انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ 2026 کا انعقاد 16 سے 20 فروری تک نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں کیا جا رہا ہے۔ اس عالمی سمٹ میں دنیا بھر کے پالیسی ساز، اے آئی ماہرین، ماہرینِ تعلیم، ٹیکنالوجی کے اختراع کار اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہو رہے ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت سے متعلق عالمی امور، حکمرانی، سلامتی اور سماجی اثرات پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔
یہ سمٹ گلوبل ساؤتھ میں منعقد ہونے والی پہلی بڑی عالمی اے آئی کانفرنس سمجھی جا رہی ہے، جس کا مقصد "اے آئی فار ہیومینیٹی" کے اصول کے تحت مصنوعی ذہانت کی انقلابی صلاحیت پر غور کرنا ہے۔ اس سمٹ میں 110 سے زائد ممالک، 30 بین الاقوامی تنظیمیں، تقریباً 20 سربراہانِ مملکت/حکومت کی سطح کے نمائندے اور لگ بھگ 45 وزراء شرکت کر رہے ہیں۔
Nice to be back in India for the AI Impact Summit - a very warm welcome as always and the papers looked great too:) pic.twitter.com/szM9g2wB4d
— Sundar Pichai (@sundarpichai) February 18, 2026
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اے آئی کے بڑھتے ہوئے اثرات پر کہا کہ بھارت کا آئی ٹی شعبہ خدمات کی برآمدات اور معاشی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی رہا ہے، اور اے آئی اس شعبے کے لیے بڑا موقع بھی ہے اور چیلنج بھی۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی پر مبنی آؤٹ سورسنگ اور آٹومیشن کے باعث 2030 تک بھارت کا آئی ٹی شعبہ 400 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔
سمٹ تین بنیادی ستونوں — پیپل، پلینیٹ اور پروگریس پر مبنی ہے، جن کا مقصد انسانی مرکزیت، پائیدار اور جامع اے آئی ترقی کو فروغ دینا ہے، تاکہ ٹیکنالوجی کے فوائد معاشرے کے تمام طبقات تک مساوی طور پر پہنچ سکیں۔