تمل ناڈو میں سنگل فیز انتخابات کی تجویز پر غور کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-02-2026
تمل ناڈو میں سنگل فیز انتخابات کی تجویز پر غور کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر
تمل ناڈو میں سنگل فیز انتخابات کی تجویز پر غور کیا جائے گا: چیف الیکشن کمشنر

 



چنئی
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے جمعہ کے روز کہا کہ تمل ناڈو میں سیاسی جماعتوں نے اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں کرانے کی تجویز دی ہے، اور اس پر تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔تمل ناڈو میں حال ہی میں مکمل ہونے والی ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کا ذکر کرتے ہوئے کمار نے اسے ملک کے لیے ایک مثال اور بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے ووٹر فہرست میں شفافیت یقینی ہوئی ہے۔
انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بہتر انتظامات کے معاملے میں تمل ناڈو کے اسمبلی انتخابات، بہار کے انتخابات سے بھی آگے ہوں گے۔
انہوں نے کہا كہ بہار کا تجربہ یہ بتاتا ہے کہ حالیہ دہائیوں میں وہاں کے انتخابات سب سے کم خامیوں والے رہے ہیں۔ تمام ضلع کلکٹروں، پولیس سپرنٹنڈنٹس اور پوری انتخابی مشینری بشمول نفاذی ایجنسیوں نے مجھے یقین دلایا ہے کہ تمل ناڈو کے انتخابات نئے ریکارڈ قائم کریں گے اور بہار سے بھی بہتر ہوں گے۔
ایس آئی آر سے متعلق کچھ سیاسی جماعتوں کی اس تنقید پر کہ اس عمل کے دوران بڑی تعداد میں ووٹروں کے نام فہرست سے خارج کر دیے گئے، چیف الیکشن کمشنر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس عمل نے ووٹر فہرست کی پاکیزگی برقرار رکھنے میں الیکشن کمیشن کے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ قانون کے مطابق سو فیصد ووٹنگ لازمی نہیں ہے، لیکن تمل ناڈو میں ووٹنگ ہمیشہ “بے حد جوش و خروش اور سیاسی شعور کے ساتھ” ہوتی رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایس آئی آر کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی اہل شخص ووٹر فہرست سے باہر نہ رہے اور کوئی نااہل شخص اس میں شامل نہ ہو۔کمار نے دوبارہ کہا کہ ریاست میں سیاسی جماعتوں نے اسمبلی انتخابات ایک ہی مرحلے میں کرانے کی تجویز دی ہے اور اس پر تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا كہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی واضح ہو جائے گا کہ انتخابات کتنے مراحل میں ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریاست کے 75 ہزار پولنگ اسٹیشنوں پر تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ووٹوں کی گنتی کے عمل سے متعلق انہوں نے کہا کہ ‘ووٹر ویریفائی ایبل پیپر آڈٹ ٹریل’ (وی وی پی اے ٹی) کی لازمی طور پر گنتی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، گنتی مکمل ہونے کے بعد بھی کوئی امیدوار مقررہ فیس جمع کرا کے سات دن کے اندر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور وی وی پی اے ٹی کا باہمی ملاپ کرا سکتا ہے۔
نئی پہلوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اہم قدم یہ ہے کہ ای وی ایم کی گنتی سے پہلے دو مرحلوں میں ڈاک کے ذریعے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے جنوبی ہندوستان میں رائج قدیم ‘کُداوولائی’ نظام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے اعتبار سے تمل ناڈو کا ماضی نہایت شاندار رہا ہے۔ ‘کُداوولائی’ کا لفظی مطلب ووٹ ڈالنے کا برتن ہے۔ جنوبی ہندوستان، خصوصاً تمل ناڈو میں، دسویں صدی کے دوران چولا سلطنت کے زمانے میں گھڑے میں پرچیاں ڈال کر ووٹنگ کی یہ روایت رائج تھی۔