اجمیر شریف سے صوفی وفد کا نئی دہلی میں ایران کلچرل ہاؤس اور ایرانی سفارت خانے کا دورہ، تعزیت پیش کی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-03-2026
اجمیر شریف سے صوفی وفد کا نئی دہلی میں ایران کلچرل ہاؤس اور ایرانی سفارت خانے کا دورہ، تعزیت پیش کی
اجمیر شریف سے صوفی وفد کا نئی دہلی میں ایران کلچرل ہاؤس اور ایرانی سفارت خانے کا دورہ، تعزیت پیش کی

 



 نیو دہلی : اجمیر شریف  کے صوفی روحانی وفد نے نئی دہلی میں ایران کلچرل ہاؤس اور بعد ازاں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور عظیم مذہبی رہنما آیت اللہ امام علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔

یہ وفد درگاہ حضرت خواجہ معین الدین حسن چشتی المعروف غریب نواز اجمیر شریف اور ملک کی دیگر معروف درگاہوں سے وابستہ نمائندوں پر مشتمل تھا۔ وفد کی قیادت درگاہ اجمیر شریف کے گدی نشین اور چشتی فاؤنڈیشن کے چیئرمین حاجی سید سلمان چشتی نے کی۔

ایران کلچرل ہاؤس میں وفد نے ایران کے سپریم لیڈر کے ہندوستان میں نمائندہ حجۃ الاسلام حکیم الٰہی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے کے ثقافتی مشیر اور ایران کلچرل ہاؤس نئی دہلی کے سربراہ شیخ ضیائی بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وفد نے نئی دہلی میں واقع ایران کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب ہائی کمشنر ڈاکٹر آغا حسینی سے ملاقات کی اور سرکاری تعزیتی رجسٹر میں اپنے پیغامات درج کر کے تعزیت پیش کی۔

اس صوفی وفد میں حاجی سید سلمان چشتی کے علاوہ سید معراج چشتی، سید دانش علی، سید نور چشتی، سید ندیم چشتی، سید جاوید قطبی جو درگاہ حضرت قطب الدین بختیار کاکی سے وابستہ ہیں، سید انفال نظامی جو درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء سے تعلق رکھتے ہیں اور سید دانش نصیری چشتی جو درگاہ حضرت نصیر الدین چراغ دہلی سے وابستہ ہیں شامل تھے۔ اس کے علاوہ سید صدیق حسینی اور صوفی برادری کے دیگر افراد بھی اس وفد کا حصہ تھے۔

ملاقات کے دوران وفد اور ایرانی نمائندوں کے درمیان احترام، یکجہتی اور باہمی قدردانی کے پیغامات کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر دنیا میں امن کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور جنگ و تشدد سے متاثر ہونے والے ایرانی بچوں، خواتین، بزرگوں اور تمام عام شہریوں کی سلامتی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حاجی سید سلمان چشتی نے ہندوستان اور ایران کے درمیان صدیوں پر محیط روحانی اور ثقافتی تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی اور تہذیبی رشتے مشترکہ روحانی روایات کو مضبوط بناتے ہیں۔

وفد نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی برادری کو بے گناہ شہریوں کے خلاف جارحیت اور جنگی جرائم کی سخت مذمت کرنی چاہیے اور دنیا کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ انصاف، تحمل اور پرامن مکالمے کو فروغ دیں۔

اجمیر شریف کے مقدس صحن سے مرحوم کے لیے مغفرت اور ایران کے عوام سمیت دنیا کے ان تمام علاقوں کے لیے امن، صبر اور استحکام کی دعائیں بھی کی گئیں جو اس وقت تشدد اور جنگ کے حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔