لکھنؤ۔طلبا کو اپنا ہدف واضح حکمت عملی کے ساتھ متعین کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی منزل پر پہنچ سکیں۔طلبا کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے لکھنؤ کیمپس میں وافر مواقع میسر ہیں، جن سے انھیں بھر پورفائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیو رسٹی کے لکھنؤ کیمپس کی انچارج پروفیسر ہما یعقوب نے طلبہ شمولیتی پروگرام(دیکچھارمبھ) کے افتتاحی اجلاس میں کیا۔اس موقع پر کیمپس کی انچارج پروفیسر ہما یعقوب نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم شخصیت کے ارتقا کا بہترین وسیلہ ہے۔اور تعلیم کا مقصد فکر و خیال کا تنوع ہے۔اسی باعث طلبا تعلیم کے ذریعہ اپنے آپ کو سماج کے لیے زیادہ سے زیادہ مفید بنانے کا کارنامہ انجام دیں۔
پروگرام کا باقاعدہ آغازبی اے کے طالب علم محمد سلیمان نے قرآن پاک کی تلاوت اور ترجمے سے کیا۔طلبہ شمولیتی پروگرام کی کوارڈی نیٹر ڈاکٹر نور فاطمہ نے نظامت کا فریضہ انجام دیا۔
پروفیسر ہما یعقوب نے طلبہ کو لکھنؤ کیمپس کی تعلیمی سرگرمیوں اور یہاں کی زریں روایات سے بھی واقف کرایا۔
انھوں نے کہا کیمپس کے مختلف پروگراموں میں داخلہ پانے والے طلبہ و طالبات خوش قسمت ہیں اور یہ ایک یادگار لمحہ ہے جس سے ان کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔اس موقع پرلکھنؤ کے کیمپس کے مختلف شعبوں کے اکیڈ مک کوارڈی نیٹر نے اپنے شعبے اور رفقائے کار کا تعارف پیش کیا۔واضح رہے کہ طلبہ شمولیتی پروگرام کا پہلا دن طلبا کے استقبال اور یہاں کے مختلف شعبوں کے تعارف پر مشتمل ہوتا ہے۔
اس موقع پرڈاکٹر شاہ محمد فائز(شعبہ انگریزی)،ڈاکٹر ذیشان حیدر(شعبہ فارسی)،ڈاکٹر ثمامہ فیصل(شعبہ عربی)،ڈاکٹر عمیر منظر(شعبہ اردو)، ڈ اکٹر عدنان بسم اللہ(شعبہ ہندی) اور ڈاکٹر ریاض احمد گنائی(بی اے پروگرام) نے اپنے اپنے شعبوں کے نصابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اساتذہ کی علمی وادبی خدمات کا تعارف کرایا