ہیلی کاپٹر سے امتحانی مرکز پہنچے طلبہ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-09-2025
ہیلی کاپٹر سے امتحانی مرکز پہنچے طلبہ
ہیلی کاپٹر سے امتحانی مرکز پہنچے طلبہ

 



پھتھوراگڑھ: اتراکھنڈ میں شدید بارش کے سبب ہونے والے لینڈسلائڈنگ سے سڑکیں بند ہو جانے کے بعد راجستھان کے چار طلبہ کو ضلع پھتھوراگڑھ کے مُنسیاڑی میں واقع اپنے امتحانی مرکز تک پہنچنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد لینا پڑی۔ طلبہ نے یہ اطلاع دی۔

راجستھان کے بالوترہ کے چار طلبہ نے اتراکھنڈ مکت یونیورسٹی میں بی ایڈ کے لیے اندراج کرایا تھا اور انہیں امتحان دینے کے لیے مُنسیاڑی کے آر ایس ٹولیہ پی جی کالج پہنچنا تھا۔ ان میں سے ایک، اوما رام جاٹ نے بتایا: جب 31 اگست کو ہم ہلدوانی پہنچے تو ہمیں معلوم ہوا کہ مُنسیاڑی جانے والے تمام راستے لینڈ سلائڈنگ کی وجہ سے بند ہیں۔ ہمیں لگا کہ ہم امتحان نہیں دے سکیں گے۔

اوما رام نے بتایا کہ پھر انہیں ایک نجی کمپنی کے بارے میں معلوم ہوا جو ہلدوانی اور مُنسیاڑی کے درمیان ہیلی کاپٹر سروس فراہم کرتی ہے، مگر خراب موسم کی وجہ سے یہ سروس بھی فی الحال بند تھی۔ انہوں نے کہا: ’’ہم نے ہیریٹیج ایوی ایشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سے بات کی اور ان سے درخواست کی کہ وہ ہمیں ہلدوانی سے مُنسیاڑی پہنچا دیں۔

ہم نے انہیں بتایا کہ اگر ہم امتحانی مرکز تک نہ پہنچ سکے تو ہمارا ایک سال ضائع ہو جائے گا۔ اس کے بعد انہوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہمیں محفوظ طریقے سے مُنسیاڑی پہنچایا اور پھر واپس ہلدوانی چھوڑ دیا۔‘‘ اوما رام کے ساتھ منگا رام جاٹ، پرکاش گوڈارا جاٹ اور نرپت کمار نے بھی بی ایڈ کا امتحان دیا۔

جاٹ نے بتایا کہ انہوں نے ہیلی کاپٹر کا کرایہ فی شخص ایک طرف کا 5200 روپے ادا کیا۔ البتہ انہوں نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ وہ مُنسیاڑی وقت پر پہنچ گئے اور امتحان دے پائے۔ اتراکھنڈ مکت یونیورسٹی کے بی ایڈ امتحان کے انچارج سومیش کمار نے بتایا کہ امتحانی مرکز کا انتخاب امیدوار خود کرتے ہیں۔