سرہند شریف، پنجاب: جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے زیر انتظام قائم مرکز امام ربانی تعلیمی سینٹر، سرہند شریف میں خانوادۂ اعلیٰ حضرت بریلی شریف کے ممتاز فرزند اور رضوی دارالافتاء کے بانی علامہ مفتی ارسلان رضا خان ازہری کی آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ایک خصوصی استقبالیہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ، طلبہ اور معزز شخصیات نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں مفتی ارسلان رضا خان ازہری نے امام ربانی مجدد الف ثانیؒ کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو علم، کردار اور خدمتِ دین کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ قوم و ملت کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، اس لیے انہیں اپنے وقت کی قدر کرنی چاہیے اور اسے علم حاصل کرنے، اخلاق سنوارنے اور دین کی خدمت کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ علم کا حصول آسان مرحلہ نہیں بلکہ اس کے لیے عقل و فہم، شوقِ طلب، مسلسل محنت، مناسب وسائل، اچھے اساتذہ کی رہنمائی اور طویل عرصے تک ثابت قدمی ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مطالعہ، تحقیق، محنت اور لگن کو اپنی زندگی کا شعار بنانے کی تلقین کی۔
مفتی ارسلان رضا خان نے جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے بانی و سرپرست شیخ ابوبکر احمد کی تعلیمی، دعوتی اور رفاہی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں ملک کے مختلف علاقوں میں دینی و عصری تعلیم کے فروغ کے لیے قابل قدر کام انجام دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مرکز کے اساتذہ اور منتظمین کی خدمات کی بھی تحسین کی اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔
اجلاس کے اختتام پر مفتی ارسلان رضا خان نے طلبہ، اساتذہ اور ادارے کی ترقی و کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی۔
واضح رہے کہ جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے زیر انتظام اور شیخ ابوبکر احمد کی سرپرستی میں سرہند شریف میں قائم مرکز امام ربانی تعلیمی و دعوتی سینٹر میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم و فنون کی بھی معیاری تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے۔ ادارے میں شریعت کالج اور ثانویہ سمیت مختلف تعلیمی شعبے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ الحمد للہ رواں تعلیمی سال میں ستر سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
اس موقع پر مولانا عمر علی ثقافی، سید باحسن ثقافی، اسامہ نورانی کفیل ثقافی، خواجہ معین الدین ثقافی، عمر الفاروق نورانی اور مولانا مفتی شاہد رضا سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔