امتحانی پرچے لیک ہونے کے خلاف احتجاج میں شدت

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 23-07-2026
امتحانی پرچے لیک ہونے کے خلاف احتجاج میں شدت
امتحانی پرچے لیک ہونے کے خلاف احتجاج میں شدت

 



نئی دہلی:امتحانی پرچے لیک ہونے اور تعلیمی نظام میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف بدھ کے روز قومی راجدھانی نئی دہلی کے ٹالسٹائے مارگ اور جن پتھ پر طلبہ اور سماجی کارکنوں نے زبردست احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بی جے پی آر ایس ایس اور دہلی پولیس کے خلاف نعرے لگائے اور مختلف مقامات پر سڑکیں بند کر کے ٹریفک کی آمد و رفت متاثر کر دی۔احتجاج کے دوران بعض مظاہرین نے چلتی ہوئی گاڑیوں اور بسوں کو روکنے کی کوشش کی جبکہ کچھ افراد پر سڑک پر پانی کی بوتلیں پھینکنے کا الزام بھی لگایا گیا۔ کئی مظاہرین سڑک پر لیٹ گئے جس کے باعث علاقے میں طویل ٹریفک جام لگ گیا۔

بہار سے تعلق رکھنے والے ایک مظاہر نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے دہلی میں موجود ہیں اور جب تک جنتر منتر پر احتجاج جاری رہے گا وہ اس میں شریک ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پولیس عوام ہی میں سے آتی ہے اور اس کا فرض عوام کی خدمت کرنا ہے لیکن اگر پولیس بات چیت کے لیے تیار ہوتی تو مسئلہ پہلے ہی حل ہو جاتا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت مسائل کا حل نکالنے کے بجائے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا واضح مطالبہ ہے کہ پرچہ لیک معاملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔

اتر پردیش پی سی ایس کے ایک امیدوار نے کہا کہ یہ تحریک اب صرف نیٹ امتحان تک محدود نہیں رہی بلکہ تمام مسابقتی امتحانات میں شفافیت اور انصاف کی علامت بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ دو روز قبل پی ای ٹی امتحان کے نتائج جاری ہوئے جن میں نارملائزیشن اور پرسنٹائل نظام کی وجہ سے وہ صرف 0.3 نمبر سے اگلے مرحلے میں پہنچنے سے محروم رہ گئے۔ ان کے مطابق اگر نارملائزیشن نہ ہوتی تو وہ یو پی پی سی ایس لوئر امتحان میں شریک ہوتے۔ انہوں نے بھی دھرمیندر پردھان کے استعفے اور آئندہ کسی بھی امتحان میں پرچہ لیک نہ ہونے کی ضمانت کا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے جاری احتجاج پر پہلی مرتبہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پرچہ لیک میں ملوث افراد کو جلد اور سخت سزا دلانے کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کی جائیں گی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے تاکہ طلبہ کے مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔وزیر اعظم کا یہ بیان 20 جولائی کو نکالی گئی "چلو پارلیمنٹ" ریلی کے بعد دہلی اور دیگر شہروں میں جاری احتجاج کے درمیان سامنے آیا ہے۔

احتجاج کرنے والوں نے حکومت کے سامنے تین اہم مطالبات رکھے ہیں۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے ترجمان سوربھ داس نے کہا کہ پہلا مطالبہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ ہے۔ دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ نیٹ پرچہ لیک معاملے کے بعد خودکشی کرنے والے تمام طلبہ کے اہل خانہ کو 1 کروڑ روپے معاوضہ دیا جائے۔ تیسرا مطالبہ یہ ہے کہ پرامن مظاہرین کے خلاف درج تمام مقدمات واپس لیے جائیں اور حکومت اس بات کی خودمختار ضمانت دے کہ آئندہ پرامن احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایسے مقدمات درج نہیں کیے جائیں گے۔

سوربھ داس نے کہا کہ دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ ناقابل سمجھوتہ مطالبہ ہے اور جب تک یہ پورا نہیں ہوتا احتجاج جاری رہے گا۔انہوں نے بتایا کہ ان کی کارکن سونم وانگچک سے کئی مرتبہ بات ہوئی ہے۔ دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سونم وانگچک نے اسپتال میں داخل ہونے کے باوجود بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے اور عوام سے بھی پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

سوربھ داس نے الزام لگایا کہ ماضی میں ملک کے مختلف احتجاجی مظاہروں میں شرپسند عناصر کو شامل کر کے تحریکوں کو بدنام کیا گیا جس کے بعد پرامن مظاہرین ہی کو قصوروار ٹھہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ایسا نہیں ہونا چاہیے اور احتجاج کو ہر حال میں پرامن رکھا جائے گا۔دہلی پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں 118 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں اسپیشل کمشنر جوائنٹ کمشنر ایڈیشنل کمشنر ڈپٹی کمشنر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر رینک کے افسران کے علاوہ متعدد خواتین پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں تقریباً 60 مظاہرین بھی زخمی ہوئے ہیں۔