۔3 بلوں پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-08-2025
۔3 بلوں پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ
۔3 بلوں پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ

 



نئی دہلی / آواز دی وائس
حکومت نے بدھ کے روز پارلیمنٹ میں تین بل پیش کیے، جن کے تحت اگر وزیرِ اعظم، مرکزی وزیر یا مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کے وزیر اعلیٰ یا وزیر کو سنگین فوجداری الزامات میں گرفتار یا حراست میں لیا جاتا ہے تو انہیں عہدے سے ہٹانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لوک سبھا میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے یہ بل پیش کیے۔ اس دوران ایوان میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ اپوزیشن نے اس بل کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں اچھال دیں۔
امیت شاہ نے لوک سبھا میں مرکز کے زیرِ انتظام حکومت (ترمیمی) بل 2025، آئین (130ویں ترمیم) بل 2025 اور جموں و کشمیر تنظیمِ نو (ترمیمی) بل 2025 پیش کیے۔ اس پر اپوزیشن کے ارکان نے شدید اعتراض کیا۔ کانگریس کے رکن پارلیمان منیش تیواری اور اسدالدین اویسی نے اسے آئین مخالف قرار دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ الزام غلط ہے کہ بل جلدبازی میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل کو مشترکہ کمیٹی کو بھیجا جائے گا، جس میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کے رکن شامل ہوں گے اور وہ اس پر غور کے بعد اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔
امیت شاہ کا اپوزیشن پر نشانہ
امیت شاہ اپوزیشن کے ہنگامے کے دوران اپنی نشست پر کھڑے ہو کر بولے كہ "اب آپ میری بات سنیں۔ جب مجھ پر الزام لگایا گیا تھا، اس وقت میں نے گرفتار ہونے سے پہلے اخلاقی بنیاد پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اور جب تک میں عدالت سے بے گناہ ثابت نہیں ہوا، میں نے کوئی آئینی عہدہ نہیں سنبھالا۔ یہ مجھے کیا اخلاقیات سکھاتے ہیں؟ ہم بھی چاہتے ہیں کہ اخلاقی قدریں اور مضبوط ہوں۔ گرفتاری سے پہلے میں نے استعفیٰ دیا تھا، سب کو یاد ہوگا۔
کانگریس نے کیا تینوں بلوں کا شدید احتجاج
لوک سبھا میں وزیر داخلہ کے ذریعے یہ بل پیش کیے جانے کے بعد زبردست ہنگامہ شروع ہو گیا۔ کانگریس نے کہا کہ حکومت کو یہ بل واپس لینا چاہیے۔ کانگریس کے کے سی وینوگوپال نے کہا كہ  ہم اس بل کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ بل ملک کے آئین کے خلاف ہے۔"
انہوں نے الزام لگایا کہ یہ بل اپوزیشن کی ریاستی حکومتوں کو نشانہ بنانے کے لیے لایا جا رہا ہے۔ یہ بل نتیش کمار اور چندرا بابو نائیڈو جیسے رہنماؤں کو ڈرانے کے مقصد سے پیش کیا گیا ہے۔
اسدالدین اویسی نے بھی کیا مخالفت
رکن پارلیمان اسدالدین اویسی نے بھی اس بل کی مخالفت کی۔ اویسی نے کہا كہ یہ بل کسی بھی لحاظ سے درست نہیں ہے۔ میں اور میری پارٹی اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ یہ بل کئی اصولوں کو نظرانداز کرتا ہے، جو غلط ہے۔ ہم اس بل کے خلاف ہیں۔
کانگریس کے رکن پارلیمان منیش تیواری نے کہا كہ ہندوستان کے آئین کا بنیادی ڈھانچہ کہتا ہے کہ قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔ قانون کی حکمرانی کی بنیاد یہ ہے کہ آپ بے گناہ ہیں جب تک آپ کا جرم ثابت نہ ہو۔ جب تک جرم ثابت نہیں ہوتا، ہر شخص بے گناہ ہے۔"