نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی شیئر بازار میں آج سست آغاز دیکھنے کو ملا۔ دونوں بڑے اشاریے بی ایس ای سینسیکس اور این ایس ای نفٹی سبز نشان پر کھلے۔ گھریلو شیئر بازاروں سینسیکس اور نفٹی میں منگل کو ابتدائی کاروبار میں تیزی درج کی گئی۔
غیر ملکی زرِمبادلہ کاروباریوں نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے 15 اگست کو قوم کے نام خطاب میں تجویز کردہ مال و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) اصلاحات کے بعد سے ہندوستانی بازار مثبت دائرے میں کاروبار کر رہے ہیں۔ ہندوستانی ایکویٹی اشاریوں نے منگل کے کاروباری سیشن کی شروعات مثبت رجحان کے ساتھ سست رفتاری میں کی۔ 30 حصص والا بی ایس ای سینسیکس ابتدائی کاروبار میں 203.44 پوائنٹس بڑھ کر 81,477.19 پر اور 50 حصص والا این ایس ای نفٹی 53.4 پوائنٹس کی برتری کے ساتھ 24,930.35 پر پہنچ گیا۔
البتہ، بینک نفٹی 94 پوائنٹس یا 0.17 فیصد گر کر 55,640 پر کھلا۔ بینچ مارک کے مطابق، چھوٹے اور مڈ کیپ حصص بھی سست انداز میں کھلے۔ نفٹی مڈ کیپ 7 پوائنٹس گر کر 57,106 پر آ گیا۔
ابتدائی کاروبار میں، نفٹی 50 کے بیچ سب سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے والوں میں پاور گرڈ کارپوریشن، اپولو ہاسپیٹلز، جے ایس ڈبلیو اسٹیل، سپلا اور اڈانی پورٹس اینڈ ایس ای زیڈ شامل رہے۔ دوسری طرف، نفٹی 50 پیک میں نمایاں پچھڑنے والوں میں اڈانی انٹرپرائزز، آئی ٹی سی، زوماتو (ایٹرنل)، ایچ ڈی ایف سی لائف انشورنس اور ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز شامل رہے۔
سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں سے ریلائنس انڈسٹریز، بھارٹی ایئرٹیل، اڈانی پورٹس، این ٹی پی سی، ٹائٹن اور انفوسس کے حصص سب سے زیادہ فائدے میں رہے۔ وہیں بجاج فائننس، بھارت الیکٹرانکس، مہندرا اینڈ مہندرا اور ایچ سی ایل ٹیک کے حصص نقصان میں رہے۔
ایشیائی بازاروں کا حال
ایشیائی بازاروں میں چین کا شنگھائی ایس ایس ای کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ فائدے میں رہے جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی اور جاپان کا نکئی 225 نقصان میں رہے۔ امریکی بازار پیر کو معمولی رجحان کے ساتھ بند ہوئے تھے۔
بین الاقوامی معیار برینٹ کروڈ 0.50 فیصد پھسل کر 66.24 ڈالر فی بیرل پر رہا۔ شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کار (ایف آئی آئی) پیر کو خریداری کے موڈ میں رہے اور انہوں نے خالص طور پر 550.85 کروڑ روپے کے حصص خریدے۔