نئی دہلی: گھریلو شیئر بازاروں میں جمعرات کو ابتدائی کاروبار کے دوران تیزی کا رجحان برقرار رہا۔ آئی ٹی کمپنیوں کے حصص میں خریداری، غیر ملکی سرمایہ کاری اور خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے بازار کو سہارا ملا۔ بی ایس ای سینسیکس ابتدائی کاروبار میں 75.71 پوائنٹس بڑھ کر 77,726.62 پر پہنچ گیا، جبکہ این ایس ای نفٹی 26.90 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 24,275.85 پر ٹریڈ کرتا رہا۔
سینسیکس میں شامل 30 کمپنیوں میں انفوسس، ٹیک مہندرا، ایچ سی ایل ٹیک، ٹاٹا کنسلٹنسی سروسز (ٹی سی ایس)، مہندرا اینڈ مہندرا اور سن فارما کے حصص میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا۔ دوسری جانب اڈانی پورٹس، ایشین پینٹس، ایٹرنل اور بھارت الیکٹرانکس کے حصص خسارے میں رہے۔
ایشیائی بازاروں میں جنوبی کوریا کا کوسپی، چین کا ایس ایس ای کمپوزٹ اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس گراوٹ کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے، جبکہ جاپان کا نکی 225 انڈیکس تیزی کے ساتھ ٹریڈ کر رہا تھا۔ امریکی شیئر بازار بدھ کے روز گراوٹ کے ساتھ بند ہوئے تھے۔
بین الاقوامی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت 1.26 فیصد کمی کے ساتھ تقریباً 89.60 ڈالر فی بیرل رہی۔ شیئر بازار کے اعداد و شمار کے مطابق، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) نے بدھ کے روز خالص طور پر 2,981.87 کروڑ روپے مالیت کے حصص خریدے۔ بدھ کو بی ایس ای سینسیکس 1.16 فیصد اور این ایس ای نفٹی 1.10 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئے تھے۔