کانگڑا (ہماچل پردیش): مرکزی وزیر کیرن ریجیجو نے پیر کے روز کہا کہ مرکز اسرائیل اور ایران کے جاری تنازع کے درمیان پھنسے بھارتی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیرن ریجیجو نے کہا، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ایسے حالات میں فوری طور پر بچاؤ کارروائیاں انجام دیتی ہے۔
سابقہ حکومتیں اس طرح کی جامع مدد فراہم نہیں کرتی تھیں، جبکہ اب وزارتِ خارجہ اپنی مختلف ممالک میں قائم مشنز کے ذریعے اس عمل کو منظم کر رہی ہے۔ ادھر اوڈیشہ کے وزیر پرتھوی راج ہری چندن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزارتِ خارجہ ہند مغربی ایشیا کے تنازع زدہ علاقے سے بھارتی شہریوں کے انخلا کے لیے ہمہ جہت کوششیں کر رہے ہیں اور یقین دلایا کہ ایک بھی شہری کو پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔
اے این آئی سے بات کرتے ہوئے ہری چندن نے کہا، وزیر اعظم اور خاص طور پر وزارتِ خارجہ بھارتی شہریوں کے انخلا کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ حکومت نے مکمل منصوبہ بندی کر رکھی ہے اور تمام امور طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔ ایک بھی شخص کو پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔
دوسری جانب جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کھوہامی نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر تقریباً 1200 کشمیری طلبہ کو متاثرہ ایرانی علاقوں سے نکالنے کی اپیل کی، جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر فوجی حملے شروع کیے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سفارتی ذرائع کو فعال کیا جائے اور اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بھارتی طلبہ کے انخلا کا معاملہ اٹھایا جائے۔