ججوں کی ریٹائرمنٹ عمر بڑھانے پر ریاستیں دوبارہ غور کریں: سپریم کورٹ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2026
ججوں کی ریٹائرمنٹ عمر بڑھانے پر ریاستیں دوبارہ غور کریں: سپریم کورٹ
ججوں کی ریٹائرمنٹ عمر بڑھانے پر ریاستیں دوبارہ غور کریں: سپریم کورٹ

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے بدھ کے روز کہا کہ ریاستی حکومتیں عدالتی افسران کی ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے کی مخالفت مالی بوجھ کا جواز پیش کرکے نہیں کر سکتیں۔ عدالت نے تمام ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی کہ وہ ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے معاملے پر دوبارہ غور کریں اور دو ہفتوں کے اندر اس بارے میں فیصلہ کریں۔

چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوی مالیہ باگچی اور جسٹس وی۔ موہنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ مالی بوجھ سے متعلق خدشات ’’غلط فہمی پر مبنی‘‘ ہیں۔ بنچ نے کہا، ’’ہم تمام ریاستی حکومتوں سے کہتے ہیں کہ وہ عدالتی افسران کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے معاملے پر دوبارہ غور کریں، چاہے دیگر سرکاری ملازمین کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر کچھ بھی مقرر ہو۔‘

‘ سپریم کورٹ نے کہا کہ تجربہ کار عدالتی افسران کو ملازمت میں برقرار رکھنے سے سرکاری خزانے پر اتنا بوجھ نہیں پڑے گا جتنا ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی اسامیوں کو پُر کرنے میں پڑتا ہے۔ بنچ نے کہا، ’’ہمیں اس بات پر شک کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ تجربہ کار اور ماہر عدالتی افسران کو خدمات میں برقرار رکھنے سے ریاست پر ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہونے والے اخراجات کے مقابلے میں کم مالی بوجھ پڑے گا۔‘‘

عدالت نے مزید کہا، ’’لہٰذا ریٹائرمنٹ کی عمر نہ بڑھانے کے لیے ریاستی حکومتوں کی جانب سے دی گئی وجوہات درست نہیں ہیں۔ تاہم ہمارا یہ پختہ خیال ہے کہ اس اہم مسئلے کو باہمی اتفاق رائے سے حل کیا جانا چاہیے۔‘‘ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ اس معاملے پر فوری غور کیا جائے اور دو ہفتوں کے اندر ایک آزادانہ اور عملی فیصلہ کیا جائے۔

اس سے قبل بھی عدالت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے کہا تھا کہ وہ عدالتی افسران کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 61 سال کرنے پر غور کریں۔ یہ بنچ ایک ایسی عرضی پر سماعت کر رہی تھی، جس میں ملک بھر کی ضلعی عدلیہ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھا کر 62 سال کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

عدالت نے حکم دیا کہ تمام ریاستی حکومتیں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے اپنے دائرۂ اختیار کی متعلقہ ہائی کورٹ سے مشاورت کے بعد اس معاملے پر فیصلہ کریں۔ اگر وہ اس تجویز سے اتفاق کرتے ہیں تو ایسے ریاستوں میں عدالتی افسران کو 61 سال کی عمر تک خدمات انجام دینے کی اجازت دی جائے گی۔ تاہم یہ اجازت مقدمے کے حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔

سپریم کورٹ کے ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہے، جبکہ ہائی کورٹ کے جج 62 سال کی عمر میں ریٹائر ہوتے ہیں۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کے 2002 کے اس فیصلے کے بعد دوبارہ زیر بحث آیا، جس میں عدالت نے جسٹس کے۔ جگن ناتھ شیٹی کمیشن کی اس سفارش کو قبول نہیں کیا تھا، جس میں ضلعی ججوں کی ریٹائرمنٹ کی عمر 62 سال کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس کے بعد تلنگانہ اور مدھیہ پردیش سمیت بعض ریاستوں نے عدالتی افسران کی ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔