مرکزی سرکار پر اسٹالن کا جانبداری کا الزام

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-10-2025
مرکزی سرکار پر اسٹالن کا جانبداری کا الزام
مرکزی سرکار پر اسٹالن کا جانبداری کا الزام

 



چنئی: تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ہفتہ کے روز مرکز کی بی جے پی حکومت پر ریاست کے ساتھ شدید جانبداری کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ریاست کے وزیر خزانہ تھنگم تھیناراسو نے مالیاتی امتیاز کی طرف اشارہ کیا ہے، بلکہ عوام کے دلوں میں بھی کئی سوالات جنم لے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا، "میں بھی کچھ سوالات پوچھنا چاہتا ہوں۔ جو لوگ بدعنوانی کے معاملات میں ملوث ہوتے ہیں، وہ بی جے پی اتحاد میں شامل ہوتے ہی کیسے صاف ہو جاتے ہیں؟ یہ کیسی واشنگ مشین ہے؟" انہوں نے ایک بار پھر اپنے "واشنگ مشین" والے طنز کو دہرایا۔

ہندی اور سنسکرت کو لے کر مرکز کو گھیراؤ سی ایم اسٹالن نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ ملک کی اسکیموں اور قوانین کے نام صرف ہندی اور سنسکرت میں ہی کیوں رکھے جاتے ہیں؟ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر ایک پوسٹ میں لکھا: "مرکزی وزراء ہمارے بچوں کو توہم پرستی کیوں سکھا رہے ہیں؟ حزبِ اختلاف کی جماعتوں کے زیرِ حکومت ریاستوں میں گورنروں کے ذریعے بدنظمی کیوں پھیلائی جا رہی ہے؟

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی ووٹ حاصل کرنے کے لیے دھاندلی کی حکمتِ عملی اپنا رہی ہے اور SIR ماڈل کے ذریعے انتخابات میں گڑبڑی کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ "مرکز حکومت کیجھاڑی" (Keezhadi) آثارِ قدیمہ کے مقام کی سائنسی طور پر تصدیق شدہ رپورٹ کو قبول کیوں نہیں کر رہی؟ اسٹالن نے کہا: "کیا آپ ایک بار پھر واٹس ایپ یونیورسٹی سے جھوٹا پروپیگنڈہ شروع کریں گے؟

اس سے پہلے، 17 اکتوبر کو اسمبلی میں ریاست کی مالی حالت پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ تھنگم تھیناراسو نے مرکز سے 10 سوالات کیے اور مالیاتی امتیاز کا الزام عائد کیا، جن میں یہ نکات شامل تھے: تعاونی وفاقیت کے نام پر جی ایس ٹی اصلاحات کے باوجود ریاستوں کو مناسب حصہ نہیں مل رہا۔ قومی تعلیمی پالیسی (NEP) اور ہندی کو مسلط کر کے تمل ناڈو کے بچوں کی تعلیم کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ سڑکوں کے منصوبوں میں تمل ناڈو کو شامل نہیں کیا جا رہا۔

جنوبی ریلوے کی نئی اسکیموں کے لیے فنڈنگ میں امتیاز برتا جا رہا ہے۔ جل جیون مشن کے تحت تمل ناڈو کو ملنے والے 3709 کروڑ جاری نہیں کیے جا رہے۔ ملک کی کل آبادی میں 6فیصد حصہ ہونے کے باوجود مالیاتی تقسیم میں صرف 4فیصد حصہ دیا جا رہا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مرکز صرف تعاونی وفاقیت کا نعرہ لگاتا ہے، لیکن حقیقت میں تمل ناڈو کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ اسٹالن نے ان سوالات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ تمل ناڈو کے عوام اس دہری پالیسی کو دیکھ رہے ہیں اور اس کا جواب چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ریاست ان مسائل پر خاموش نہیں بیٹھے گی اور مرکز سے جواب مانگنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔