سری نگر: راہول کے قتل میں ملوث تینوں دہشت گردمارے گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-05-2022
سری نگر: راہول کے قتل میں ملوث تینوں دہشت گردمارے گئے
سری نگر: راہول کے قتل میں ملوث تینوں دہشت گردمارے گئے

 

 

سری نگر : کشمیری پنڈت راہول بھٹ کے قتل میں ملوث تینوں دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے 24 گھنٹے کے اندر ہلاک کر دیا۔ جموں و کشمیر حکومت نے راہل کی موت کی تحقیقات کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ حکومت نے راہول کی بیوی کو سرکاری نوکری دینے اور بیٹی کی تعلیم کا پورا خرچ اٹھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب مسلسل نشانہ بنائے جانے سے کشمیری پنڈتوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ اس ٹارگٹ کلنگ کے خلاف احتجاج میں 350 سرکاری ملازمین بیک وقت مستعفی ہو چکے ہیں۔

کشمیری پنڈت راہول کے قتل کے خلاف آج شام لوگوں نے کینڈل مارچ نکالا۔ اس کے ساتھ ہی کشمیر کے ڈویژنل کمشنر پی کے پول نے کہا کہ انتظامیہ ایک ہفتے کے اندر سروس سے متعلق تمام معاملات کو حل کر لے گی۔

جمعرات سے سرچ آپریشن جاری تھا۔

جمعرات کو دہشت گرد ضلع بڈگام کے چاڈورہ تحصیل دفتر میں داخل ہوئے اور کلرک راہول کو گولی مار دی۔ اس کے بعد اسپتال میں علاج کے دوران راہول کی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد سے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

اہل خانہ اور رشتہ داروں نے راہول بھٹ کی آخری رسومات ادا کیں۔ اس دوران پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ بانڈی پورہ کے بیرار علاقے میں کچھ دہشت گرد چھپے ہوئے ہیں۔ جمعہ کو دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان تصادم ہوا۔ اس میں راہول کے قتل میں ملوث تینوں دہشت گرد مارے گئے۔

کشمیری پنڈتوں نے اپنے استعفے لیفٹیننٹ گورنر کو بھجوا دئیے 

راہول بھٹ کے قتل پر کشمیری پنڈتوں میں شدید غم و غصہ ہے۔ جمعہ کو 350 سرکاری ملازمین نے اس قتل کے خلاف احتجاجاً استعفیٰ دے دیا۔ ملازمین نے اپنے استعفے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو بھیج دیے ہیں۔ تمام کشمیری پنڈت وزیراعظم کے پیکج کے ملازم ہیں۔

ان لوگوں کا کہنا ہے کہ کشمیری پنڈت وادی میں محفوظ نہیں ہیں۔ اس کی پہچان ہر روز دیکھنے کو ملتی ہے۔ حکومت کشمیری پنڈتوں کو تحفظ فراہم کرنے کے وعدے کرتی ہے، لیکن وہ زمین پر نظر نہیں آتے۔ اس لیے ہم کشمیر میں خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

۔ 24 گھنٹوں میں دو سرکاری ملازمین کا قتل

 کشمیر میں 24 گھنٹوں کے اندر قتل کے دو واقعات سامنے آئے ہیں۔ جمعرات کو کشمیری پنڈت راہول بھٹ کو قتل کر دیا گیا۔ جمعہ کو دہشت گردوں نے پلوامہ کے گڈورا میں ایس پی او ریاض احمد ٹھوکر پر گولی چلائی، وہ اسپتال میں دم توڑ گئے۔ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر رینج عبدالجبار نے بتایا کہ ریاض چھٹی پر تھا اور اپنے بچے کی اسکول بس کا انتظار کر رہا تھا۔ اس دوران دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی

راہل کے قتل کے خلاف احتجاج، پولس نے لاٹھی چارج کیا

کشمیری پنڈت اپنی حفاظت کے لیے جموں سے سری نگر تک احتجاج کر رہے ہیں۔ کئی مقامات سے پولس اور پنڈتوں کے درمیان ہاتھا پائی کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ وادی میں کشیدگی برقرار ہے۔ کشمیری پنڈت جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں۔ دوسری جانب بڈگام کے شیخ پورہ میں احتجاج کرنے والے کشمیری پنڈتوں پر پولیس نے آنسو گیس کے شیل اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔ یہ تمام لوگ سری نگر ہوائی اڈے کی طرف مارچ کر رہے تھے۔