کھیل کی وزارت نے قومی کھیل ایوارڈز کے لیے درخواستیں طلب کیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2025
کھیل کی وزارت نے قومی کھیل ایوارڈز کے لیے درخواستیں طلب کیں
کھیل کی وزارت نے قومی کھیل ایوارڈز کے لیے درخواستیں طلب کیں

 



نئی دہلی: کھیل کی وزارت نے منگل کے روز اس سال کے قومی کھیل ایوارڈز کے لیے درخواستیں طلب کرنے کا عمل شروع کر دیا اور درخواست بھیجنے کی آخری تاریخ 28 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔ کھیلوں میں شاندار کارکردگی پر صدرِ جمہوریہ ہر سال یہ ایوارڈ دیتی ہیں، لیکن راشٹرپتی بھون میں ہونے والی تقریب کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔

ڈوپنگ کی خلاف ورزیوں میں سزا پانے والے کھلاڑی صرف اسی صورت میں ایوارڈ کے اہل ہوں گے جب ان کی سزا کی مدت ختم ہو چکی ہو۔ وزارت نے کہا، ’’معطلی یا سزا کے دوران حاصل کردہ کامیابیاں شمار نہیں کی جائیں گی۔ جس کھلاڑی کے خلاف تفتیش جاری ہے یا زیر التوا ہے، اسے بھی ایوارڈ کے لائق نہیں سمجھا جائے گا۔‘‘

بھارتیہ کھیل پرادھیکرن کے جوائنٹ سکریٹری (کھیل)، ڈائریکٹر یا ڈپٹی سکریٹری (کھیل) اور کھیل ڈپارٹمنٹ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر (ٹیمیں) یا ڈائریکٹر (ٹیمیں) درخواستوں کی جانچ کریں گے۔ وزارت نے کہا، ’’کھلاڑیوں کی درخواستیں اور قومی کھیل فیڈریشنوں و ایس اے آئی کی رپورٹ کمیٹی کے سامنے رکھی جائیں گی۔ صرف وہی درخواستیں جن میں احتیاط، نظم و ضبط اور ڈوپنگ کے پہلو درست پائے جائیں گے، انہیں ہی سلیکشن کمیٹی کے سامنے رکھا جائے گا۔‘

‘ میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ کے تحت 25 لاکھ روپے نقدی، ایک تمغہ اور توصیفی سند دی جاتی ہے۔ ارجن ایوارڈ کے تحت 15 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ اہل ہونے کے لیے کھلاڑی کو ایوارڈ دیے جانے والے سال سے پہلے کے چار برسوں کے دوران شاندار اور بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔

وزارت نے کہا، ’’یکم جنوری 2021 سے 31 دسمبر 2024 تک کے اولمپک/پیرا اولمپک/ایشیائی/کامن ویلتھ گیمز/چیمپئن شپ/ورلڈ کپ/ورلڈ چیمپئن شپ اور مساوی تسلیم شدہ بین الاقوامی مقابلوں پر غور کیا جائے گا۔‘‘ وزارت نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا، ’’اہل کھلاڑی، کوچ اور دیگر افراد آن لائن ذریعہ سے www.dbtyas-sports.gov.in پر 28 اکتوبر تک درخواستیں بھیج سکتے ہیں۔‘‘