جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں منسکھ منڈاویہ نے مونڈو ٹریک کا افتتاح کیا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-08-2025
جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں منسکھ منڈاویہ نے مونڈو ٹریک کا افتتاح کیا
جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں منسکھ منڈاویہ نے مونڈو ٹریک کا افتتاح کیا

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کھیل کے وزیر منسکھ مانڈویہ نے جمعہ کے روز جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ہندوستان کے پہلے "مونڈو ٹریک" کا افتتاح کیا، جہاں 26 ستمبر سے 5 اکتوبر تک عالمی پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا انعقاد ہوگا۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستان دنیا کا 25واں ملک بن گیا ہے جہاں اس طرح کا ٹریک تیار کیا گیا ہے۔ اس ٹریک کا استعمال اولمپکس سمیت دنیا کی بڑی ایتھلیٹکس مقابلوں میں ہوتا ہے۔
اس افتتاحی تقریب میں عالمی چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی سابق لانگ جمپ کھلاڑی انجو بابے جارج، دو بار کے پیرا اولمپک چیمپئن اور ہندوستانی پیرا اولمپک کمیٹی کے صدر دیویندر جھا جھڑیا، پیرا اولمپک میڈل جیتنے والے نیزہ باز سمیّت انتل، دوڑاک کھلاڑی پریتی پال اور سمرن شرما بھی موجود تھے۔
اس ٹریک کی تعمیر دو پرت والے ولکینائزڈ ربڑ سے کی گئی ہے۔ یہ کھلاڑیوں کو پھسلنے سے بچانے کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔ یہ ٹریک کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کے خطرے کو بھی کافی کم کرتا ہے۔
مانڈویہ نے کہا کہ یہ سہولت ہندوستانی کھیلوں کے لیے نئے راستے کھولے گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ ملک کے لیے ایک بہت بڑا لمحہ ہے اور ہمیں آج اس بات پر فخر ہے کہ ہندوستان کے پاس اب اپنا مونڈو ٹریک ہے۔ آنے والے مہینوں میں یہ اپنی پہلی چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا اور ہندوستان اب 2030 کامن ویلتھ گیمز اور 2036 اولمپکس کے لیے باضابطہ طور پر بولی لگائے گا اور امید ہے کہ اسے منظوری مل جائے گی۔
وزیر نے ہندوستانی کھیلوں کے لیے حکومت کے طویل مدتی وژن کو دہرایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد 2047 تک ہندوستان کو ایک کھیلوں کی مہاشکتی بنانا ہے۔انہوں نے صلاحیت کو نکھارنے اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے روڈ میپ پر زور دیا۔
جھا جھڑیا نے مونڈو ٹریک کی تعمیر پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ مونڈو ٹریک پر نیزہ پھینکنا چاہتا تھا، لیکن آج ایک منتظم کی حیثیت سے اس ٹریک کا افتتاح دیکھ کر مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ یہ ہندوستانی ایتھلیٹس کو آگے بڑھنے میں مدد کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس ملک کے عوام کو قومی کھیل دن کی دلی مبارکباد دینا چاہوں گا۔ آج ہم سب نے صحت مند رہنے اور ہندوستان کو فٹ بنانے کا عہد لیا ہے۔
افتتاح کے بعد مانڈویہ نے خصوصی مہمانوں کے ساتھ نئے تعمیر شدہ ٹریک کا معائنہ کیا اور ایک فٹبال میچ میں حصہ لیا۔ اس میچ میں انہوں نے سب سے زیادہ دو گول کیے۔