نئی دہلی : کشمیر کی مشترکہ روحانی وراثت کے ایک مؤثر جشن کے طور پر "مقدس اشتراک کا احیاء: کشمیر میں شَیوازم اور صوفی ازم" کے عنوان سے ایک بین المذاہب کانفرنس کا انعقاد انڈیا انٹرنیشنل سینٹر میں عمل میں آیا، جہاں اتحاد، معرفت اور بین المذاہب مکالمے کی پُرخلوص گونج سنائی دی۔
اس تاریخی کانفرنس کا اہتمام شری راکیش سپرو (نیشنل مشن فار یونٹی اینڈ برادرہُڈ) اور خواجہ غریب نواز کے سلسلہ چشتیہ کے سجادہ نشین اور چشتی فاؤنڈیشن اجمیر شریف کے چیئرمین، الحاج سید سلمان چشتی کے اشتراک سے کیا گیا، جس کا مقصد کشمیر میں صدیوں پرانی روحانی ہم آہنگی، شَیو فلسفے اور صوفی روایت کے درمیان مقدس میل جول کو ازسرنو زندہ کرنا تھا۔
بھارتیہ سَرو دھرم سنسد کے پلیٹ فارم تلے ملک بھر سے ممتاز بین المذاہب شخصیات نے اس روحانی اجتماع میں شرکت کی، جن میں سوامی سشیل گو سوامی مہاراج، آچاریہ ویوک مُنی، سردار پرمجیت سنگھ چندوک، مرزبان ناریمان زائی والا، ڈاکٹر اے کے مرچنٹ کے ساتھ ساتھ کشمیری طلبہ اور متعدد معززین شامل تھے۔
الحاج سید سلمان چشتی نے اپنے کلیدی خطاب میں حضرت خواجہ غریب نوازؒ کا وہ آفاقی پیغام دہرایا: "سب سے محبت، کسی سے عداوت نہیں"۔ انہوں نے کشمیر کے صوفی درویشوں اور شَیو یوگیوں کے درمیان روحانی مشابہت کی بات کرتے ہوئے کہا:
"یہ سب عشقِ الٰہی، ترکِ دنیا اور یادِ حق کے چشمۂ باطن سے سیراب ہوتے ہیں۔"
انہوں نے زور دیا کہ آج کے منقسم دور میں کشمیر کا یہ مقدس اشتراک (Sacred Syncretism) امن اور وحدت کی سب سے مؤثر دوا ہے، اور کشمیری عوام ہمیشہ بین المذاہب ہم آہنگی کی زندہ مثال رہے ہیں۔
آچاریہ ویوک مُنی نے جین فلسفے کے نقطۂ نظر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ"عدم تشدد (اہِمسا) ہی وہ رشتہ ہے جو تمام روحانی روایات کو جوڑتا ہے۔ سچا مذہب تبلیغ نہیں، مکالمہ ہے۔"
سردار پرمجیت سنگھ چندوک نے سکھ روایت کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا:
"کشمیر میں کیرتن اور سما کی مشترکہ روایت رہی ہے۔ محبت اور موسیقی وہ طاقتیں ہیں جو ہر حد کو مٹا دیتی ہیں۔"
مرزبان ناریمان زائی والا نے پارسی مذہب کی سچائی اور نیک عملی پر مبنی تعلیمات کو بیان کرتے ہوئے زور دیا کہ"زرتشت کی گاتھائیں ہوں یا کشمیری شَیوازم و صوفی شعرا کا کلام، سبھی انسان کو حق کی طرف بلاتے ہیں
۔ڈاکٹر اے کے مرچنٹ نے بہائی عقیدے کے تحت "تنوع میں وحدت" کے اصول کو اجاگر کیا، اور کہا کہ:"کشمیر کی صوفیانہ ہم آہنگی بہائی عقیدے کے اس وژن کی عکاس ہے کہ پوری انسانیت ایک خاندان ہے۔"
شری راکیش سپرو نے بطور شریک منتظم کشمیر کے اس زمانے کی یاد تازہ کی جب وادی میں ثقافتی تکثیریت عام تھی۔ انہوں نے کہا "کشمیر ایک بار پھر 'اولیاء کی وادی' بن سکتا ہے، بشرطیکہ ہم بین المذاہ تعلیم اور کمیونٹی ڈائیلاگ کو فروغ دیں۔کانفرنس میں کشمیری طلبہ کی فعال شرکت نے ماحول کو پرامید، جوان اور حوصلہ افزا بنا دیا۔ ان کے جذبات اور امن و یکجہتی کی خواہش نے ہر شریک کو اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ اب وقت آ گیا ہے کہ صرف باتوں پر اکتفا نہ کیا جائے بلکہ عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
کانفرنس کا اختتام ایک مشترکہ اعلامیے پر ہوا، جس میں کشمیر میں بین المذاہب مکالمے، ثقافتی تبادلے، اور ہم آہنگی پر مبنی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا عہد کیا گیا۔ یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ کشمیر کی صوفی-شَیو وراثت کا احیاء نہ صرف ایک روحانی تقاضا ہے بلکہ ایک سماجی ضرورت بھی۔