اجمیر درگاہ شریف کےوفد کی راجستھان کے چیف سکریٹری سے ملاقات

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 18-01-2026
اجمیر درگاہ شریف کےوفد کی  راجستھان کے چیف سکریٹری سے ملاقات
اجمیر درگاہ شریف کےوفد کی راجستھان کے چیف سکریٹری سے ملاقات

 



جے پور:اجمیر درگاہ شریف سے وابستہ خواجہ غریب نواز کے خدام کے روحانی بزرگوں اور نوجوانوں کے وفد نے جے پور سیکریٹریٹ میں راجستھان کے چیف سیکریٹری شری وی سرینواس سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات خوشگوار ماحول باہمی احترام اور خلوص پر مبنی سنجیدہ گفتگو کے ساتھ انجام پائی جس کا محور خدمت ہم آہنگی اور قوم کی تعمیر تھا۔

روحانی وفد نے اجمیر شریف کے گدی نشین خاندان اور سیدہ زادگان خدام برادری کی نمائندگی کی جو اجمیر درگاہ شریف کی آٹھ سو سالہ روحانی روایت کے امین ہیں۔ وفد نے ایک تحریری نمائندگی کے ذریعے ریاستی انتظامیہ کے ساتھ تعمیری تعاون پر زور دیا تاکہ ہندوستان کی عالمی روحانی شناخت کو مضبوط کیا جا سکے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے اور صدیوں پرانی روایات کے احترام کے ساتھ روحانی سیاحت کو وسعت دی جا سکے۔

ملاقات کے دوران وفد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اجمیر شریف عالمی سطح پر امن رواداری اور انسان دوستی کا مرکز ہے جہاں ہر سال مختلف مذاہب اور ممالک سے لاکھوں زائرین حاضری دیتے ہیں۔ گفتگو میں زائرین کی سہولتوں مقدس روایات کے تحفظ اور اجمیر شریف کو ثقافتی اور روحانی سفارت کاری کے وسیع تر دائرے میں شامل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا جو ہندوستان کی سافٹ پاور حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے۔

وفد نے انتظامی عمل میں روایتی خدماتی ڈھانچوں اور قدیم رسم و رواج کے احترام کی اہمیت پر بھی زور دیا اور زائرین کی فلاح ورثے کے تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کے لیے باہمی مشاورت کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے خدمت کو ذاتی مفاد پر ترجیح دینے کے جذبے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا جس سے راجستھان اور ہندوستان کی تہذیبی روایت تنوع میں وحدت اور ہمدردانہ قوم سازی کا پیغام مضبوط ہوتا ہے۔

روحانی وفد کے اراکین میں حاجی سید مہتاب نیازی حاجی سید سلمان چشتی سید ظہور بابا چشتی سید معراج چشتی سید افشاں چشتی سید محبوب نواز چشتی سید دانش علی سید نور چشتی سید ندیم چشتی سید ذیشان نیازی اور سید شہنواز چشتی شامل تھے۔

یہ خبر امن تعاون اور اجتماعی سماجی خدمت کے جذبے کے تحت جاری کی گئی۔