نئی دہلی: چیف جسٹس سوریاکانت کی صدارت میں قائم خصوصی تعطیلاتی بنچ 22 دسمبر کو ان انتہائی اہم مقدمات کی سماعت کرے گی جن میں فوری عدالتی مداخلت کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری مقدمات کی فہرست کے مطابق، چیف جسٹس سوریاکانت اور جسٹس جوئے مالیا باغچی پر مشتمل تعطیلاتی بنچ 22 دسمبر کو صبح 11 بجے سے 17 مقدمات کی سماعت کرے گی، جن میں کئی فوجداری اور دیوانی معاملات شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے: "چیف جسٹس نے تعطیلات کے دوران فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے ایک خصوصی تعطیلاتی بنچ تشکیل دیا ہے۔ اس بنچ میں چیف جسٹس سوریاکانت اور جسٹس جوئے مالیا باغچی شامل ہوں گے۔ یہ بنچ پیر، 22 دسمبر 2025 کو انتہائی ضروری مقدمات کی سماعت کرے گی۔"
بیان کے مطابق، تعطیلات کے دوران ان اہم معاملات پر بروقت سماعت کو یقینی بنانے کے لیے اس خصوصی بنچ کی تشکیل کی گئی ہے جن میں فوری عدالتی مداخلت درکار ہے۔ چیف جسٹس سوریاکانت نے جمعہ کو کہا تھا کہ وہ سپریم کورٹ میں کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے پہلے دن، یعنی 22 دسمبر کو، فوری نوعیت کے مقدمات کی سماعت کے لیے تیار ہیں۔
فوری مقدمات کی فہرست سازی کے حوالے سے چیف جسٹس سوریاکانت کی صدارت میں سماعت کر رہی بنچ نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کی رجسٹری مقدمات کی فوری نوعیت کی جانچ کرے گی اور اسی کے مطابق انہیں فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا تھا: "ہم پیر کو بیٹھیں گے۔ ہم سپریم کورٹ کے دیگر ججوں پر بوجھ نہیں ڈالیں گے، جنہیں نئے مقدمات کی سماعت کے لیے دیر رات تک فائلوں کا مطالعہ کرنا پڑتا ہے۔ میں کسی اور بنچ کو پریشان نہیں کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا: ابھی یہ طے نہیں ہوا ہے کہ ایک رکنی بنچ بیٹھے گی یا دو رکنی بنچ سماعت کرے گی۔ یہ سب مقدمات کی تعداد پر منحصر کرے گا۔ ہم بنچ کی تشکیل کے لیے مناسب احکامات جاری کریں گے۔ چیف جسٹس کی صدارت والی بنچ نے فوری سماعت کے لیے مقدمات درج کرانے کی درخواست کرنے والے جونیئر وکلاء سے بھی کہا کہ وہ 22 دسمبر کو اپنے مقدمات میں دلائل پیش کریں۔ سپریم کورٹ کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے باعث 22 دسمبر سے 2 جنوری 2026 تک بند رہے گی۔