خلا ایک بہت ہی دلچسپ جگہ ہے: شوبھانشو شکلا

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-11-2025
خلا ایک بہت ہی دلچسپ جگہ ہے: شوبھانشو شکلا
خلا ایک بہت ہی دلچسپ جگہ ہے: شوبھانشو شکلا

 



بھونیشور/ آواز دی وائس
خلاء نورد اور ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن شبھانشو شکلہ نے بدھ کے روز کہا کہ خلا میں رہنا بہت مزے کی بات ہے، لیکن بے وزنی کی وجہ سے مسلسل الجھن رہتی ہے۔
اسکولی طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے شکلہ نے کہا کہ خلا ایک دلچسپ جگہ ہے، کیونکہ وہاں آپ کے جسم سمیت ہر چیز تیر رہی ہوتی ہے۔ ہمارے لیے بغیر طاقت لگائے بڑے بڑے سامان کو ادھر سے اُدھر لے جانا بہت آسان تھا۔ انہوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن  کے اندر کے ایک تفریحی لمحے کا ویڈیو بھی دکھایا، جس میں خلا نورد ایک ساتھی کو گیند کی طرح دوسرے ساتھی کی طرف دھکیل کر کھیل رہے تھے۔
جسم کے لیے خلا میں تال میل بٹھانا مشکل
شکلہ نے کہا کہ اگرچہ خلا مزے کی جگہ ہے، مگر جسم کے لیے اس ماحول میں ڈھلنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہندوستان کی طرف سے آئی ایس ایس جانے والے پہلے خلا نورد شکلہ نے بتایا کہ اوپر اور نیچے سمجھ پانا بہت مشکل تھا… میرا دماغ پوری طرح الجھن میں تھا۔ تین چار دن تک تو مجھے بھوک بھی نہیں لگی، کیونکہ پیٹ کے اندر بھی سب کچھ تیر رہا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلا میں جسم میں بہت سی تبدیلیاں آتی ہیں۔ چونکہ پٹھوں پر کوئی دباؤ نہیں پڑتا، اس لیے پٹھے بہت تیزی سے کمزور ہونے لگتے ہیں۔ خلا کے دوران ان کی 4.5 کلوگرام سے زیادہ عضلات کم ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جسم آہستہ آہستہ ماحول کا عادی ہو جاتا ہے، لیکن زمین پر واپسی کے بعد خود کو پہلے جیسا بنانا بہت مشکل ہوتا ہے۔ شکلہ نے کہا کہ آپ کا دماغ ایک طاقتور آلہ ہے، یہ آپ کو ایسی باتوں پر بھی یقین دلوا دیتا ہے جو ضروری نہیں کہ سچ ہوں۔
ہندوستان کا خلائی مستقبل
انہوں نے کہا کہ ہندوستان صحیح سمت میں بڑھ رہا ہے اور مستقبل میں ملک کو بڑی تعداد میں خلائی سائنسدانوں اور محققین کی ضرورت ہوگی۔ اس لیے طلبہ میں جستجو اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ضروری ہے۔
طلبہ کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے شکلہ نے کہا کہ خلائی تحقیق میں بہت سی ایسی مشکلات آتی ہیں جن کے بارے میں ہمیں پہلے معلوم بھی نہیں ہوتا۔ ان سب کے لیے سب سے اہم صلاحیت مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ اپنے خواب صرف خلاء نورد بننے تک محدود نہ رکھیں، کیونکہ خلائی سائنس میں اسپیس سوٹ ڈیزائن سے لے کر غذائیت (نیوٹریشن) تک بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اپنی پریزنٹیشن میں آئی ایس ایس سے زمین، ہندوستان اور سورج کے طلوع کے مناظر بھی دکھائے جو انہوں نے خود فلم بند کیے تھے۔
ریاستی قیادت کا خطاب
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے اڈیشہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے تحقیق، ترقی اور اختراع کے لیے اسکیم کے تحت 1 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ تحقیق اور ٹیکنالوجی کا راستہ اختیار کریں، منصوبے کا فائدہ اٹھائیں اور شبھانشو شکلہ کی طرح ملک کی ترقی یافتہ ہندوستان کی داستان کا حصہ بنیں۔