دیوریا (اتر پردیش): اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو سماج وادی پارٹی (ایس پی) پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’ایس پی کا مطلب ہے لوٹ کھسوٹ، ایس پی کا مطلب ہے ڈاکوؤں کا ایک گروہ۔‘‘ یوگی نے یہاں 305 کروڑ روپے سے زیادہ کی 80 ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’2017 سے پہلے کہاوت تھی—دیکھ سپائی، بیٹی گھبرائی۔‘‘
لکھنؤ واقع جے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر (جے پی این آئی سی) کی تعمیر میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’اپنی عیاشی کے لیے ایس پی سربراہ نے ریاست کے خزانے میں جو ڈاکہ ڈالا، اس کے لیے عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پہلے ریاست میں مافیا کی متوازی حکومت چلتی تھی، لیکن آج اتر پردیش اپنے نام کے مطابق ترقی کر چکا ہے اور اب کوئی ریاست کو ’’بیمارو ریاست‘‘ یا ’’پرشن پردیش‘‘ نہیں کہتا۔
یوگی نے کہا، ’’اب اتر پردیش میں ’ایک ضلع، ایک مافیا‘ نہیں بلکہ ’ایک ضلع، ایک میڈیکل کالج‘ ہے۔ ہم نے مافیا کو مٹی میں ملا دیا تو انسیفلائٹس کا بھی خاتمہ کر دیا۔‘‘ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ’’2017 سے پہلے اتر پردیش میں نہ ترقی تھی، نہ سلامتی تھی اور نہ عزت تھی۔ نہ روزگار تھا، نہ غریبوں کے لیے گھر، بیت الخلا، ایل پی جی کنکشن، بجلی اور سڑکیں تھیں۔ اسکول نقل کے اڈے بن گئے تھے۔‘‘
یوگی نے کہا کہ 15 جولائی سے 15 نومبر تک انسیفلائٹس کا دور دیوریا، مہراج گنج، گورکھپور، سدھارتھ نگر، کشی نگر، سنت کبیر نگر اور بستی میں خوف کا سبب بنتا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا، ’’یہ بیماری نہیں بلکہ ایس پی-کانگریس حکومتوں کی بیمار ذہنیت تھی۔ 40 سال میں 50 ہزار معصوموں کی موت ہوگئی، لیکن ایس پی یا کانگریس کا کوئی وزیر اعلیٰ یا وزیر اعظم حال جاننے نہیں آیا۔‘‘ پروگرام میں وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی، دیہی ترقی کی وزیر مملکت وجے لکشمی گوتم اور رکن اسمبلی ڈاکٹر شلبھ منی ترپاٹھی سمیت کئی رہنما موجود تھے۔