تہاڑ جیل میں قید راجپال یادو کی مدد کریں گے سونو سود

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 10-02-2026
تہاڑ جیل میں قید راجپال یادو کی مدد کریں گے سونو سود
تہاڑ جیل میں قید راجپال یادو کی مدد کریں گے سونو سود

 



ممبئی
ایک پرانے چیک باؤنس کیس میں پھنسے بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو حال ہی میں دہلی کی تہاڑ جیل میں سرنڈر کرنا پڑا۔ سرنڈر سے قبل وہ کافی جذباتی نظر آئے اور صاف الفاظ میں کہا کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ اسی دوران بالی ووڈ کے حقیقی ہیرو کہلانے والے سونو سود ایک بار پھر سامنے آئے اور راجپال یادو کی مدد کے لیے آواز بلند کی ہے۔
سال 2010 کے چیک باؤنس کیس میں پانچ کروڑ روپے کا قرض ادا نہ کر پانے کے سبب راجپال یادو کو بالآخر سرنڈر کرنا پڑا۔ سرنڈر سے عین پہلے وہ شدید جذباتی ہو گئے اور افسران سے کہا كہ سر، میں کیا کروں؟ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ کوئی اور راستہ نظر نہیں آ رہا۔ یہاں سب اکیلے ہیں، کوئی دوست نہیں ہوتا۔ اس مشکل سے مجھے خود ہی گزرنا ہوگا۔
راجپال یادو کے لیے سونو سود کا ٹویٹ
جہاں راجپال یادو کے یہ الفاظ ان کے مداحوں کو دکھی کر رہے ہیں، وہیں بالی ووڈ سے بالآخر مدد کی آواز اٹھنے لگی ہے۔ سونو سود نے راجپال یادو کے حق میں ایک ٹویٹ کیا ہے، جس کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی فلمی دنیا سے انہیں اس معاملے میں تعاون مل سکتا ہے۔
راجپال یادو میری فلم کا حصہ ہوں گے
سونو سود نے لکھا كہ راجپال یادو ایک باصلاحیت اداکار ہیں جنہوں نے کئی برسوں تک ہماری انڈسٹری کو یادگار کردار دیے ہیں۔ کبھی کبھی زندگی غیر منصفانہ ہو جاتی ہے، یہ ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وقت کی خرابی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ وہ میری فلم کا حصہ ہوں گے اور میرا ماننا ہے کہ یہ ہم سب پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور ساتھیوں—کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔
راجپال یادو کی مدد کے لیے سونو سود کی مضبوط آواز
اداکار کی حمایت میں سونو سود نے مزید کہا كہ ایک چھوٹی سی رقم، جو مستقبل کے کام کے بدلے دی جا سکتی ہے، یہ خیرات نہیں بلکہ عزت ہے۔ جب ہماری ہی انڈسٹری کا کوئی فرد مشکل وقت سے گزر رہا ہو تو ہمیں اسے یہ یاد دلانا چاہیے کہ وہ اکیلا نہیں ہے۔ اسی طرح ہم یہ ثابت کرتے ہیں کہ ہم صرف ایک انڈسٹری نہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر ہیں۔
سوشل میڈیا پر سونو سود کو ملا لوگوں کا ساتھ
سونو سود کے اس قدم پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی تعریف کی۔ ایک صارف نے لکھا كہ یہی سچی انسانیت ہے۔ غلطی ہر کوئی کر سکتا ہے، لیکن اس غلطی کی وجہ سے کسی کی زندگی اور کیریئر برباد کرنا غلط ہے۔ آپ نے صحیح فیصلہ لیا ہے اور میں بھگوان گنیش سے دعا کرتا ہوں کہ آپ کی کوشش کامیاب ہو۔ ایک اور صارف نے کہا كہ سونو سود کے اس بڑے قدم کو سلام، راجپال یادو اس فلمی دنیا سے محبت اور تعاون کے پورے حقدار ہیں۔
راجپال یادو سے جڑا پورا معاملہ کیا ہے؟
یہ معاملہ تقریباً 16 سال پرانا ہے۔ سنہ 2010 میں راجپال یادو نے بطور ہدایتکار فلم ’اتا پتا لاپتا‘ بنائی تھی۔ اس فلم کے لیے انہوں نے مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ نامی کمپنی سے پانچ کروڑ روپے کا قرض لیا تھا۔ فلم بن کر ریلیز تو ہو گئی، مگر باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی۔ اس کے نتیجے میں راجپال یادو کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا اور جس کمپنی سے قرض لیا گیا تھا، وہ بھی بحران کا شکار ہو گئی۔
راجپال یادو آج تک یہ رقم واپس نہیں کر پائے، جس کے بعد کمپنی نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ الزام لگایا گیا کہ اداکار کی جانب سے دیے گئے تمام چیک باؤنس ہو گئے۔
اس سے پہلے بھی جیل جا چکے ہیں راجپال یادو
اسی کیس میں کڑکڑڈوما کورٹ نے راجپال یادو کو کئی بار نوٹس بھیجے، لیکن وہ طویل عرصے تک عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ اس کے بعد 2013 میں انہیں 10 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا گیا۔ وہ 3 سے 6 دسمبر 2013 تک چار دن جیل میں رہے۔ بعد ازاں دہلی ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ نے ان کی اپیل پر سزا معطل کر دی تھی۔
بعد میں نچلی عدالت نے راجپال یادو اور ان کی اہلیہ کو چھ ماہ کی سادہ قید کی سزا سنائی، جسے انہوں نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ جون 2024 میں دہلی ہائی کورٹ نے یہ کہتے ہوئے سزا پر عارضی روک لگا دی کہ اداکار کوئی عادی مجرم نہیں ہیں اور دونوں فریقین کو باہمی سمجھوتے کا مشورہ دیا۔
عدالت کو دی گئی یقین دہانی بھی پوری نہ ہو سکی
ثالثی کے دوران راجپال یادو نے عدالت کو یقین دلایا تھا کہ وہ شکایت کنندہ کمپنی کو کل 2.5 کروڑ روپے ادا کریں گے، جس میں 40 لاکھ روپے کی پہلی قسط اور 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی دوسری قسط شامل تھی، مگر وہ یہ رقم ادا نہ کر سکے۔
جنوری 2026 میں عدالت کا آخری موقع
جنوری 2026 میں عدالت نے راجپال یادو کو آخری موقع دیا تھا۔ ان کے وکیل نے بتایا کہ اداکار نے 50 لاکھ روپے کا انتظام کر لیا ہے اور ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کی مہلت مانگی، مگر جسٹس سورن کانتا شرما نے سرنڈر کے لیے وقت بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی۔
عدالت نے کہا کہ چیک باؤنس کے معاملات میں بار بار کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی انتہائی سنگین ہے۔ اداکار کو کئی مواقع دیے گئے، لیکن ہر بار انہوں نے عدالت کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔ اس کے بعد انہیں 4 فروری کو شام 4 بجے تک سرنڈر کرنے کا حکم دیا گیا۔