سونیا گاندھی کا ووٹر لسٹ میں نام:کورٹ کا فیصلہ محفوظ

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-09-2025
سونیا گاندھی کا ووٹر لسٹ میں نام:کورٹ کا فیصلہ محفوظ
سونیا گاندھی کا ووٹر لسٹ میں نام:کورٹ کا فیصلہ محفوظ

 



نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے بدھ کے روز کانگریس کی رہنما سونیا گاندھی کے خلاف کارروائی کی مانگ کرنے والی ایک عرضی پر اپنا فیصلہ جمعرات تک کے لیے محفوظ رکھ لیا۔ عرضی میں الزام لگایا گیا تھا کہ سونیا کا نام ان کے ہندوستانی شہری بننے سے تین سال پہلے ہی ووٹر لسٹ میں شامل کر لیا گیا تھا۔

ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ ویبھو چورسیا نے کہا: ’’فیصلہ 11 ستمبر تک محفوظ رکھا جاتا ہے۔‘‘ شکایت گزار وکاس تریپاٹھی کی جانب سے سینئر وکیل پون نارنگ نے کہا: ’’یہاں ایک ہی مسئلہ ہے کہ جنوری 1980 میں سونیا گاندھی کا نام نئی دہلی اسمبلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، جبکہ وہ اس وقت ہندوستانی شہری نہیں تھیں۔‘‘

انہوں نے کہا: ’’سب سے پہلے آپ کو شہریت کا عمل مکمل کرنا ہوگا، تبھی آپ کسی علاقے کے رہائشی بنیں گے۔‘‘ نارنگ نے کہا کہ 1980 میں رہائش کے ثبوت کے طور پر غالباً راشن کارڈ اور پاسپورٹ مانے جاتے تھے۔ انہوں نے کہا: ’’اگر وہ شہری تھیں تو پھر 1982 میں ان کا نام کیوں ہٹا دیا گیا؟ اُس وقت الیکشن کمیشن نے دو نام نکالے تھے، ایک سنجے گاندھی کا، جن کی ہوائی حادثے میں موت ہو گئی تھی، اور دوسرا سونیا گاندھی کا۔‘‘

نارنگ نے کہا کہ یقیناً کمیشن کو کچھ گڑبڑ محسوس ہوئی ہوگی جس کی وجہ سے ان کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 4 ستمبر کو ریکارڈ میں درج تھا کہ سونیا گاندھی کا نام 1980 میں نئی دہلی اسمبلی حلقے کی ووٹر لسٹ میں شامل کیا گیا تھا، جسے 1982 میں ہٹا دیا گیا اور 1983 میں ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کے بعد دوبارہ درج کیا گیا۔

یہ عرضی بھارتیہ ناگریک سرکشا سنہیتا (BNSS) کی دفعہ 175(4) کے تحت دائر کی گئی تھی، جس کے مطابق مجسٹریٹ پولیس کو تحقیقات کا حکم دے سکتا ہے۔ اس میں مانگ کی گئی تھی کہ پولیس کو ہدایت دی جائے کہ وہ اس الزام کی جانچ کرے کہ سونیا 1983 میں ہندوستانی شہری بنیں، لیکن ان کا نام 1980 کی ووٹر لسٹ میں تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس معاملے میں ’جعلی دستاویزات‘ کا استعمال ہوا ہے اور عوامی اتھارٹی کے ساتھ ’فراڈ‘ کیا گیا ہے۔ نارنگ نے کہا: ’’میری بس اتنی درخواست ہے کہ پولیس کو ہدایت دی جائے کہ وہ مناسب دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرے۔‘‘