نئی دہلی: راجیہ سبھا میں منگل کے روز کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی نے آشا اور آنگن واڑی کارکنان پر کام کے شدید دباؤ اور انہیں دیے جانے والے کم معاوضے کا مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پورے ملک میں ان کی خالی اسامیوں کو پُر کیا جائے اور ان کے اعزازیہ میں مرکز کی جانب سے دیے جانے والے حصے کو دگنا کیا جائے۔
سونیا گاندھی نے زیرو آور کے دوران یہ مسئلہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کئی اہم سرکاری پروگراموں کے نفاذ میں مصروف آشا کارکنان، آنگن واڑی کارکنان، معاونین اور قومی دیہی روزگار مشن کے تحت کام کرنے والے کارکنان کام کے حد سے زیادہ دباؤ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں کیے گئے تھے، لیکن عوامی خدمات میں نمایاں تعاون کے باوجود ان خواتین کارکنان پر شدید دباؤ ہے اور انہیں بہت کم معاوضہ دیا جاتا ہے۔ گاندھی نے کہا کہ ملک بھر میں آشا کارکنان ٹیکہ کاری پروگرام چلاتی ہیں اور زچگی اور خاندانی بہبود کے کاموں میں مدد کرتی ہیں، اس کے باوجود انہیں بہت کم اعزازیہ اور سماجی تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح آنگن واڑی کارکنان کو بھی بہت کم اعزازیہ دیا جاتا ہے۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف سطحوں پر آئی سی ڈی ایس (انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز) کے تحت کئی اسامیاں خالی ہیں۔ ان کے مطابق ان خالی اسامیوں کی وجہ سے لاکھوں ماؤں اور بچوں کو ضروری خدمات نہیں مل پا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب ان عہدوں پر تقرریاں ہوتی بھی ہیں تو وہ آبادی کے لحاظ سے ناکافی ہوتی ہیں، کیونکہ 2011 کی مردم شماری کے بعد اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر ان ترجیحات پر کام کرے، تمام خالی اسامیوں کو پُر کرے، تمام کارکنان کو بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے اور صفِ اول میں کام کرنے والے ان کارکنان کے اعزازیہ میں مرکز کے حصے کو دگنا کرے۔ کانگریس کی سابق صدر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ 2500 سے زائد آبادی والے دیہات میں اضافی آشا کارکنان کی تقرری کی جائے اور بچوں کی ابتدائی تعلیم میں مدد کے لیے آنگن واڑی کارکنان کی تعداد کو دگنا کیا جائے۔