نئی دہلی: کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما سونیا گاندھی منگل کو ایک اہم اجلاس کی صدارت کریں گی، جس میں پارٹی کی پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے لیے حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس ممکنہ طور پر ہنگامہ خیز رہے گا کیونکہ کانگریس حکومت کو کئی اہم معاملات پر گھیرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
اپوزیشن جماعتیں بہار میں ووٹر لسٹ کے خصوصی تفصیلی جائزے سے متعلق الیکشن کمیشن کے اقدام پر سخت اعتراض جتا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ کانگریس پہلگام حملے، آپریشن سندور اور اس کے بعد کی سفارتی سرگرمیوں پر بحث کا مطالبہ بھی کرتی رہی ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت دیگر اہم رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
اجلاس کی صدارت سونیا گاندھی اپنے 10 جن پتھ واقع رہائش گاہ پر کریں گی۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 21 جولائی سے 21 اگست تک چلے گا، جو کہ پہلے سے طے شدہ مدت سے ایک ہفتہ زیادہ ہے۔ یہ بات اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ حکومت کے پاس ایک بڑی قانون سازی ایجنڈا ہے۔ پہلے یہ اجلاس 12 اگست کو ختم ہونا تھا، مگر اب اسے ایک ہفتے کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔
یہ طویل اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب حکومت جوہری توانائی کے شعبے میں نجی شعبے کی شمولیت کو آسان بنانے کے لیے کئی اہم بل لانے کی تیاری کر رہی ہے۔ حکومت کا ارادہ ہے کہ 'جوہری نقصان کے لیے دیوانی ذمہ داری کا قانون' اور 'جوہری توانائی کا قانون' میں ترمیم کی جائے تاکہ مرکزی بجٹ میں کیے گئے اس اعلان پر عمل درآمد ہو سکے، جس میں جوہری توانائی کے شعبے کو نجی شعبے کے لیے کھولنے کی بات کی گئی تھی۔
اپوزیشن جماعتیں آپریشن سندور پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر بھی حکومت سے جواب چاہتی ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فوجی تنازعہ ختم کرانے میں ثالثی کی تھی۔ تاہم، حکومت نے ٹرمپ کے ان دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔