نئی دہلی: ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی آنگمو نے لداخ انتظامیہ کی جانب سے قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت ان کے شوہر کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ 24 ستمبر کو لداخ میں ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا تھا اور اس وقت سے وہ راجستھان کی جودھپور جیل میں قید ہیں۔
وانگچک کو لداخ میں مظاہروں کے دو دن بعد یعنی 26 ستمبر کو سخت قومی سلامتی قانون (راسوکا) کے تحت حراست میں لیا گیا۔ یہ مظاہرے لداخ کو ریاست کا درجہ دینے اور آئین کی چھٹی شیڈول میں شامل کرنے کے مطالبے کے سلسلے میں ہوئے تھے۔
ان مظاہروں میں چار افراد کی موت ہو گئی تھی اور تقریباً 90 افراد زخمی ہوئے تھے۔ گیتانجلی آنگمو نے 2 اکتوبر کو آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ میں اپنی درخواست دائر کی ہے۔ اس درخواست میں سونم وانگچک کے خلاف این ایس اے کے تحت کارروائی پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔ جھڑپوں کے بعد لیہہ میں بھڑکی پرتشدد کارروائی کے چند روز بعد وانگچک کو گرفتار کیا گیا تھا۔
گیتانجلی نے وکیل سروَم رِیتَم کھَرے کے ذریعے دائر اپنی عرضی میں وانگچک کی حراست کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ راسوکا لگانے کا فیصلہ خلافِ قانون ہے۔ آنگمو نے الزام لگایا کہ انہیں تاحال حراست کے حکم کی نقل نہیں دی گئی، جو قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
مزید یہ کہ ان کا اب تک وانگچک سے کوئی رابطہ بھی نہیں ہو سکا۔ اس سے پہلے گیتانجلی جے آنگمو نے لداخ کے ڈائریکٹر جنرل پولیس کے بیانات کو جھوٹا اور گھڑی ہوئی کہانی قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے، جس کے ذریعے کسی کو پھنسا کر اپنی مرضی مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گیتانجلی نے کہا تھا: "ہم ڈی جی پی کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ صرف میں ہی نہیں بلکہ پورا لداخ ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
یہ ایک بنائی ہوئی کہانی ہے تاکہ کسی کو قربانی کا بکرا بنایا جا سکے اور حکام اپنی من مانی کر سکیں۔" انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ سی آر پی ایف کو گولی چلانے کا حکم کس نے دیا؟ اپنے ہی شہریوں پر گولی کون چلاتا ہے، خصوصاً وہاں جہاں کبھی پرتشدد مظاہرے نہیں ہوئے؟ گیتانجلی کا کہنا تھا کہ سونم وانگچک کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
وہ تو اُس وقت کسی اور جگہ پر پُرامن بھوک ہڑتال پر بیٹھے تھے۔ وہ موقع پر موجود ہی نہیں تھے تو کسی کو کیسے اُکسا سکتے تھے؟ لداخ میں اچانک یہ تشدد کیوں بھڑکا؟ اگست 2019 میں آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے جموں و کشمیر ریاست کا ازسرنو انتظام کیا گیا۔ جموں و کشمیر تنظیمِ نو ایکٹ 2019 کے تحت سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں، جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا گیا۔
جموں و کشمیر کو اسمبلی کے ساتھ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنایا گیا جبکہ لداخ کو بغیر اسمبلی کے مرکز کے زیر انتظام علاقہ قرار دیا گیا۔ اس تبدیلی کے بعد لداخ میں مطالبہ اٹھا کہ اسے آئین کی چھٹی شیڈول میں شامل کیا جائے اور مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے۔ اسی مطالبے کے سلسلے میں وقتاً فوقتاً مظاہرے ہوتے رہے۔ انہی مطالبات کے تحت جاری حالیہ احتجاج کے دوران تشدد بھڑک اٹھا۔
لداخ کو چھٹی شیڈول میں شامل کرنے اور ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے کے لیے سونم وانگچک نے 35 روزہ دھرنے کا اعلان کیا تھا۔ 10 ستمبر سے وانگچک اور لداخ ایپکس باڈی (LAB) کے 15 کارکن بھوک ہڑتال پر تھے۔ 17 دن بعد LAB کے دو کارکنوں کی طبیعت بگڑ گئی تو انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ا
س کے بعد 18 ستمبر کو لیہہ بند کا اعلان کیا گیا۔ بند کے دوران بڑی تعداد میں نوجوان سڑکوں پر نکلے اور جلوس نکالا۔ نوجوانوں نے بی جے پی اور ہل کونسل کے دفاتر میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے طاقت کا استعمال کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے مظاہرین اور فورسز کے درمیان پتھراؤ شروع ہو گیا۔ مشتعل افراد نے مقامی بی جے پی دفتر کو آگ لگا دی۔