پالی/ آواز دی وائس
راجستھان کے پالی ضلع کے شیخو کی ڈھانی میں رہنے والی افسانہ بانو کے ساتھ ایک عجیب واقعہ پیش آ رہا ہے۔ پچھلے چھ ماہ میں افسانہ کو آٹھ بار سانپ نے کاٹا ہے۔ ابھی چند دن پہلے ہی سانپ کے کاٹنے کے بعد افسانہ کو علاج کے لیے جودھپور ایمس جانا پڑا تھا۔ جودھپور سے علاج کے بعد لوٹنے پر افسانہ کو پھر سانپ نے کاٹ لیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ہر بار افسانہ موت کو شکست دے کر صحیح سلامت گھر لوٹ آتی ہے۔ لیکن بار بار سانپ کے کاٹنے کی وجہ سے افسانہ بانو ہی نہیں بلکہ اس کا پورا خاندان بھی حیران اور خوف زدہ ہے۔
اب افسانہ ہر وقت خوف کے سائے میں جی رہی ہے۔ اسے ہر دن یہی لگتا ہے کہ کہیں سانپ نہ آ جائے۔ کھانا بناتے وقت، گھر میں کام کرتے ہوئے بھی یہی ڈر رہتا ہے کہ کہیں سانپ نہ نکل آئے۔ جسم پر سانپ کے کاٹنے کے نشانات موجود ہیں اس لیے یہ بھی نہیں کہا جا سکتا کہ افسانہ جھوٹ بول رہی ہے۔
مارچ میں پہلی بار سانپ نے کاٹا تھا
پالی کے شیخو کی ڈھانی کی رہائشی افسانہ بانو کو چھ ماہ پہلے گھر کے باہر جھاڑو لگاتے وقت پہلی بار مارچ میں سانپ نے انگلی پر کاٹ لیا۔ تیز درد کی وجہ سے جب دیکھا تو قریب ہی سانپ کا بچہ رینگ رہا تھا۔ افسانہ نے فوراً اپنے شوہر مصطفیٰ خان کو فون کر کے اطلاع دی۔ شوہر گھر دوڑا آیا اور سانپ کے بچے کو تھیلی میں ڈال کر بیوی کو بانگر اسپتال لے گیا۔
اپریل، مئی، جون اور اب ستمبر... ہر مہینے دو دو بار سانپ نے کاٹا
ڈاکٹروں نے علاج کیا اور افسانہ ٹھیک ہو گئی۔ پھر اپریل میں دوبارہ سانپ نے کاٹا، مئی میں دو بار کاٹا، جون میں دو بار کاٹا اور اب ستمبر میں بھی دو بار سانپ کاٹ چکا ہے۔ پانچویں بار تو افسانہ کی حالت اتنی خراب ہو گئی تھی کہ دو دن تک پالی میں وینٹی لیٹر پر رکھنا پڑا اور پھر ڈاکٹروں نے جودھپور ریفر کر دیا جہاں ایمس میں علاج کیا گیا۔
ایمس سے لوٹنے کے چار دن بعد پھر سانپ نے کاٹا
چند دن پہلے پھر سانپ نے افسانہ کو کاٹا۔ اس بار ابتدائی علاج کے بعد جودھپور ریفر کیا گیا، ایمس میں علاج ہوا اور افسانہ گھر لوٹ آئی۔ لیکن صرف چار دن بعد جب وہ کپڑے سکھا رہی تھی تو پھر سانپ نے کاٹ لیا۔ خوش قسمتی سے گھر والے جھاڑ پھونک پر یقین نہ کر کے فوراً اسپتال لے گئے اور بروقت علاج ملنے کی وجہ سے افسانہ پھر صحیح سلامت لوٹ آئی۔ اس بار وہ تین دن بانگر اسپتال میں داخل رہی۔
آٹھ بار سانپ کے کاٹنے کے بعد زندہ کیسے؟
کل شام افسانہ کو اسپتال سے چھٹی دی گئی، لیکن اب وہ اتنی ڈری ہوئی ہے کہ ہر وقت اسے سانپ کا خوف رہتا ہے۔ کھانے پینے اور صفائی کرتے وقت بھی یہی ڈر کہ کہیں سانپ نہ آ جائے۔ ڈاکٹر بھی حیران ہیں کہ سانپ زہریلا تھا اور آٹھ بار کاٹنے کے باوجود افسانہ آج بالکل صحت مند ہے۔
کئی لوگوں نے جھاڑ پھونک کا مشورہ دیا
کئی لوگوں نے افسانہ کے گھر والوں کو جھاڑ پھونک کرنے کا مشورہ دیا، لیکن شوہر مصطفیٰ نے ان توہمات پر یقین نہیں کیا اور سیدھا اسپتال لے گیا۔ اسی وجہ سے آج افسانہ زندہ اور صحت مند ہے ورنہ کچھ بھی ہو سکتا تھا۔ بار بار سانپ کے کاٹنے کی وجہ سے پورا خاندان ششدر ہے۔
ڈاکٹر بولے - بار بار سانپ کے کاٹنے سے جسم میں اینٹی باڈی بن سکتی ہے
میڈیکل کالج کے میڈیسن شعبے کے سابق پروفیسر اور ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ایچ. ایم. چودھری نے کہا کہ بار بار سانپ کے کاٹنے کے معاملے میں کچھ کہنا مشکل ہے، لیکن انہوں نے بتایا کہ بار بار سانپ کے کاٹنے سے جسم میں اینٹی باڈیز بن سکتی ہیں۔ تاہم اس کیس میں اصل وجہ کیا ہے، یہ تو مکمل جانچ کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔