شملہ/ آواز دی وائس
ہماچل پردیش میں مسلسل ہو رہی شدید بارش نے عام زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ اب تک ریاست میں بارش سے جڑی مختلف حادثات میں 37 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ سڑک حادثات میں مزید 26 افراد اپنی جان گنوا چکے ہیں۔ ریاستی آفاتِ سماوی انتظامیہ کے مطابق، اب تک 400 کروڑ روپے سے زیادہ کی املاک کو نقصان پہنچا ہے اور یہ اعداد و شمار مزید بڑھ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے 7 جولائی تک ریاست میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ کئی اضلاع میں پانی بھرنے، زمین کھسکنے (لینڈ سلائیڈنگ) اور دریاؤں میں طغیانی کے سبب حالات انتہائی سنگین ہو گئے ہیں۔ ضلع منڈی اس آفت سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ خاص طور پر تھونگ سب ڈویژن میں سڑکیں ٹوٹ چکی ہیں، بجلی اور پانی کی سپلائی بند ہو گئی ہے اور کئی دیہاتوں کا باقی دنیا سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔
منڈی کا ایک گاؤں مکمل طور پر تباہ
ریاستی آفاتِ سماوی انتظامیہ کے خصوصی سیکریٹری ڈی سی رانا نے بدھ کو میڈیا کو بتایا کہ منڈی کا ایک گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے اور صرف اسی ضلع میں تقریباً 40 افراد لاپتہ ہیں۔ امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کے لیے فوج، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور ہوم گارڈ کی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور ہندوستانی فضائیہ کی جانب سے کھانے کے پیکٹ بھی گرائے جا رہے ہیں۔
دہلی میں بھی بارش کا امکان، موسمی الرٹ جاری
دریں اثناء، دہلی میں بھی آج اور کل گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پورے ہماچل پردیش میں اب بھی 250 سے زیادہ سڑکیں بند ہیں، 500 سے زائد بجلی کے ٹرانسفارمر بند ہو چکے ہیں اور تقریباً 700 پینے کے پانی کی اسکیمیں متاثر ہوئی ہیں۔ سرکاری محکموں کے انجینئر بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ ڈی سی رانا نے کہا، "اس وقت ہماری توجہ تلاش، امداد اور بحالی پر مرکوز ہے۔ نقصان کی اصل صورتِ حال چند دن بعد ہی مکمل طور پر سامنے آئے گی۔
شملہ میں بھی شدید بارش نے لوگوں کی زندگی درہم برہم کر دی ہے۔ اسکولوں میں پانی بھر گیا ہے اور بچوں میں خوف کا ماحول ہے۔ شملہ کی طالبہ تنوجا ٹھاکر نے بتایا، "ہمارے کلاس روم میں پانی بھر گیا ہے، کپڑے اور کتابیں بھیگ گئی ہیں۔ اساتذہ نے ہمیں گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت دی ہے۔"
ڈی سی رانا نے ان واقعات کی اصل وجہ ماحولیاتی تبدیلی اور عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) کو قرار دیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہماچل پردیش بھی اب اس بحران سے محفوظ نہیں رہا۔ آئندہ کچھ دنوں تک مزید بارش کا امکان ہے، اس لیے انتظامیہ الرٹ موڈ پر ہے اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔