سرہا تال، ہندوستان کا 100واں رامسر مقام قرار

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-06-2026
سرہا تال، ہندوستان کا 100واں رامسر مقام قرار
سرہا تال، ہندوستان کا 100واں رامسر مقام قرار

 



نئی دہلی: وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے ضلع بلیا میں واقع جے پرکاش نارائن پرندہ پناہ گاہ (سرہا تال) کو بھارت کا 100واں رامسر مقام قرار دیے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اسے ملک میں آبی زمینوں (ویٹ لینڈز) کے تحفظ کے میدان میں ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ رامسر مقامات کی تعداد 100 تک پہنچ جانا خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرہا تال پرندوں کی مختلف اقسام سے مالا مال ہے اور یہ متعدد مقامی و مہاجر پرندوں کی پناہ گاہ کے طور پر اہم حیثیت رکھتا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ کامیابی قدرتی ماحول اور خصوصاً آبی زمینوں کے تحفظ کے لیے بھارت کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں کے دوران مقامی برادریوں کی شمولیت، سائنسی تحقیق، جدت طرازی اور بیداری مہمات کے ذریعے ویٹ لینڈز کے تحفظ اور بحالی کی کوششوں کو مضبوط بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے اور آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز و شاداب مستقبل یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ دریں اثنا، عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر وزیرِ اعظم مودی نے ماحولیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم تمام افراد کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ دن ماحول کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے عزم کو مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران حکومت کی متعدد کاوشوں کے نتیجے میں ملک میں سبزہ زاروں کے رقبے میں اضافہ ہوا ہے اور کئی جنگلی جانوروں کی آبادی میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔ انہوں نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے عوامی شراکت داری کو بھی سراہا اور کہا کہ جنگلی حیات اور قدرتی نظام کی بحالی کے لیے حکومت کے اقدامات اس شعبے میں سنجیدہ عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔