علی گڑھ: الٰہ آباد ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس عبدالشاہد، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی سر سید احمد خاں کے 208ویں یومِ پیدائش کی مرکزی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ یہ تقریب 17 اکتوبر کو گلستانِ سید میں منعقد ہوگی۔
جسٹس عبدالشاہد صبح 10:45 بجے ایک قدیم وکٹورین طرز کی گھوڑا گاڑی میں روایتی شان و شوکت کے ساتھ جلسہ گاہ میں تشریف لائیں گے۔ ان کے ہمراہ یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون ہوں گی۔ جلسہ گاہ پر رائیڈنگ کلب کے اراکین ان کا پُرتپاک استقبال کریں گے اور انہیں اسٹیج تک لے جائیں گے۔
اس موقع پر ممتاز سائنسداں ڈاکٹر ایس سومناتھ، سابق چیئرمین اسرو اور چانسلر، چانکیہ یونیورسٹی بنگلورو، مہمانِ اعزازی ہوں گے، جبکہ محترمہ ملی ایشوریہ، سینئر نائب صدر، پینگوئن رینڈم ہاؤس بطور مہمانِ خاص شریک ہوں گی۔
ڈاکٹر سومناتھ کی قیادت میں چندریان۔تھری نے 23 اگست 2023 کو چاند پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی تھی، جو ہندوستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ تھا۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون صدارتی خطاب کریں گی، جبکہ مہمانِ خصوصی اور دیگر معززین بھی حاضرین سے خطاب کریں گے۔
تقریب کا آغاز پروفیسر عاصم ظفر (رجسٹرار، اے ایم یو) کے استقبالیہ کلمات سے ہوگا۔
بعد ازاں پروفیسر فضا تبسم اعظمی (شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن) انگریزی میں اور پروفیسر محمد قمرالہدی فریدی (چیئرمین، شعبہ اردو) اردو میں سر سید احمد خاں کے وژن، فلسفے اور تعلیمی مشن پر تقاریر کریں گے۔ دو طلبہ بھی اس موقع پر تقاریر پیش کریں گے۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں بین الاقوامی اور قومی سر سید ایکسیلنس ایوارڈز پیش کیے جائیں گے۔
پروفیسر فیصل دیوجی (یونیورسٹی آف آکسفورڈ) کو بین الاقوامی زمرے میں اور ڈاکٹر عبد القدیر (چیئرمین، شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشنز) کو قومی زمرے میں یہ ایوارڈ دیا جائے گا۔
اس موقع پر دفترِ رابطہ عامہ کے زیرِ اہتمام منعقدہ آل انڈیا مضمون نویسی مقابلے کے فاتحین کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔
مقابلے کا موضوع تھا: "سر سید احمد خاں اور علی گڑھ تحریک — ہندوستان میں سیکولر تعلیم کے لیے ایک معقول نقطۂ نظر۔"
آخر میں ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین شکریہ کے کلمات ادا کریں گے، اور یونیورسٹی ترانہ و قومی ترانہ کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوگی۔
اس سے قبل صبح 6 بجے یونیورسٹی مسجد میں قرآن خوانی ہوگی، جس کے بعد سر سید احمد خاں کی قبر پر چادر پوشی کی جائے گی۔
صبح 9:30 بجے سر سید اکیڈمی میں سر سید کی تحریروں اور کتب پر مبنی نمائش کا افتتاح وائس چانسلر کریں گی، اور نئی کتب کی رونمائی بھی عمل میں آئے گی۔
اس مناسبت سے یونیورسٹی کے تمام اقامتی ہالوں میں روایتی یومِ سر سید ڈنر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔