کولکاتہ: ایس آئی آر کے کام کے سبب شدیددبائو میں بی ایل او کام کر رہے ہیں اور اب تک متعدد بی ایل اوز کی خودکشی کی خبریں میڈیا میں آچکی ہیں۔ اس دوران الیکشن کمیشن کی طرف سے وضاحت آئی ہے کہ کمیشن کسی قسم کا دبائو نہیں دے رہا ہے۔ مغربی بنگال کے ندیا ضلع میں بوّتھ لیول آفیسر (BLO) کے طور پر کام کرنے والی ایک خاتون ہفتہ کی صبح اپنے گھر میں مردہ پائی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ SIR سے جڑے کام کے باعث شدید ذہنی دباؤ میں تھی اور اُس نے خودکشی کی ہے۔ بی ایل او کی شناخت رِنکو طرفدار کے طور پر ہوئی ہے، جن کی لاش ندیا کے کرشن نگر علاقے میں اپنے گھر کے کمرے میں چھت سے لٹکی ہوئی ملی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا، "خاندان کا کہنا ہے کہ وہ SIR کے کام کی وجہ سے بہت زیادہ دباؤ میں تھی۔ ہمیں اُس کے کمرے سے ایک نوٹ بھی ملا ہے۔
لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے، اور ضروری تحقیقات جاری ہیں۔ادھر مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے ریاست میں جاری SIR کو روکنے کی اپیل کی ہے۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر کو لکھے خط میں انہوں نے کہا کہ: مسلسل بغیر منصوبہ بندی کے اور زبردستی کی کارروائی سے مزید جانیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں، اور اس کام کی سچائی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
اس سے ایک دن پہلے بدھ کو جلپائی گوڑی ضلع میں بھی ایک بوّتھ لیول آفیسر کی لاش پھندے سے لٹکی ملی تھی۔ اس کے خاندان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اس کی موت کی وجہ SIR سے متعلق کام کا شدید دباؤ تھا۔ BLO پر کام کے شدید دباؤ کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کیرالہ کے چیف الیکشن آفیسر رتن یو کیلکر نے ہفتہ کو کہا کہ BLOs کو ووٹر لسٹ کے SIR کے کام میں ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے اور ان پر دباؤ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیلکر نے کہا کہ بوّتھ لیول آفیسرز کو دیے گئے اہداف کا مقصد دباؤ بنانا نہیں، بلکہ یہ یقینی بنانا ہے کہ ووٹر لسٹ کے گہری جانچ (Intensive Revision) کا کام مقررہ وقت میں مکمل ہو جائے۔