اورنگ آباد/ آواز دی وائس
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پیر کو خصوصی گہن جائزہ (ایس آئی آر) کو ’’ووٹ چوری کا نیا ہتھیار‘‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے حق کے تحفظ کے لیے کھڑے ہیں۔ راہل گاندھی نے اپنی ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ کے دوسرے دن یہ بھی کہا کہ جمہوریت میں سب کی شمولیت کو کسی بھی حال میں ختم نہیں ہونے دیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے دوسرے دن کی یاترا اورنگ آباد کے کٹومبا سے شروع کی اور آج کی یاترا کا اختتام گیا میں ہوگا۔ کٹومبا بہار پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر راجیش کمار کا اسمبلی حلقہ ہے۔
کانگریس کے سابق صدر کے ساتھ اس یاترا میں راشٹریہ جنتا دل کے رہنما تیجسوی یادو، وکاس شیل انسان پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی اور مہاگٹھ بندھن کے کئی دیگر رہنما شامل ہیں۔
یاترا کے دوران راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے اورنگ آباد کے مشہور دیو سورج مندر میں درشن کیے۔ راہل گاندھی نے ایسے کئی افراد سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ ایک تصویر اپنے واٹس ایپ چینل پر شیئر کی جن کے نام ایس آئی آر کے دوران ووٹر لسٹ سے کاٹ دیے گئے، حالانکہ انہوں نے لوک سبھا انتخاب میں ووٹ ڈالا تھا۔
کانگریس لیڈر نے کہا كہ ایس آئی آر ووٹ چوری کا ایک نیا ہتھیار ہے۔ اتفاق سے اس تصویر میں میرے ساتھ کھڑے یہ لوگ اس چوری کے ’جیتے جاگتے‘ ثبوت ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان سب نے 2024 کے لوک سبھا انتخاب میں ووٹ ڈالا تھا، مگر بہار اسمبلی انتخاب آتے آتے ہندوستان کی جمہوریت سے ان کی پہچان اور وجود مٹا دیا گیا۔
کانگریس لیڈر نے کسان اور سبکدوش فوجی راج موہن سنگھ (70)، دلت خاتون امراوتی دیوی (35)، پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے دھننجے کمار بند (30)، منریگا کی مزدور رہ چکی سیتا دیوی (45)، خاتون اور سابق منریگا مزدور راجو دیوی (55) اور مسلم برادری سے تعلق رکھنے والے مزدور محم الدین انصاری (52) سے ملاقات کی۔
ان کے مطابق، ان کے نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہیں، حالانکہ لوک سبھا انتخاب میں انہوں نے ووٹ ڈالا تھا۔ گاندھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت انہیں بہوجن اور غریب ہونے کی سزا دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا كہ ہمارے جوانوں تک کو نہیں چھوڑا – نہ ووٹ رہے گا، نہ پہچان رہے گی اور نہ ہی حقوق۔ راہل گاندھی نے کہا کہ سماجی امتیاز اور اقتصادی حالات کی وجہ سے یہ سب ’سسٹم‘ کی سازش کے خلاف لڑنے میں نااہل ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا كہ ان کے ساتھ ہم یہاں کھڑے ہیں ’ایک شخص، ایک ووٹ‘ کے سب سے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے۔ انہوں نے کہا كہ یہ حق کا، حصے داری کا، جمہوریت میں سب کی شمولیت کا سوال ہے۔ اسے ہم کسی بھی حال میں ختم نہیں ہونے دیں گے۔