ایس آئی آر سے بنگال کے 15 لاکھ متوا ووٹرز اپنے ووٹ کا حق کھو سکتے ہیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 31-10-2025
ایس آئی آر سے بنگال کے 15 لاکھ متوا ووٹرز اپنے ووٹ کا حق کھو سکتے ہیں
ایس آئی آر سے بنگال کے 15 لاکھ متوا ووٹرز اپنے ووٹ کا حق کھو سکتے ہیں

 



کلکتہ: مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ میں ازسرِنو ترمیم کی تیاری کے دوران متوا برادری کے علاقوں میں خوف، غصہ اور شبہات کا ماحول ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور ترنمول کانگریس، دونوں جماعتوں کو اس پناہ گزین اکثریتی علاقے میں ’’اسپیشل انٹینسیو ریویژن‘‘ (SIR) کے تحت بڑی تعداد میں لوگوں کے ووٹ کے حق سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔ سرحدی اضلاع شمالی 24 پرگنہ، ندیا اور جنوبی 24 پرگنہ کی 40 سے زیادہ اسمبلی نشستوں پر ہندو پناہ گزین متوا برادری کی فیصلہ کن موجودگی ہے۔

الیکشن کمیشن نے 2002 کے بعد پہلی مرتبہ جعلی، مردہ اور نااہل ووٹروں کے نام فہرست سے ہٹانے کے لیے ایس آئی آر کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے اس برادری میں شناخت اور شہریت کے تعلق سے پھر سے تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ جن لوگوں کے نام 2002 کی ووٹر فہرست میں نہیں ہیں، انہیں اب اپنی اہلیت ثابت کرنے کے لیے دستاویزات دینا ہوں گے۔ لیکن بنگلہ دیش سے نقل مکانی کرنے والی متوا برادری کے ہزاروں افراد کے پاس موزوں کاغذات نہیں ہیں، جس سے نہ صرف یہ برادری بلکہ بی جے پی اور ترنمول دونوں پریشان ہیں دونوں پارٹیاں طویل عرصے سے ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

مرکزی وزیر اور بی جے پی کے متوا چہرے، شانتی نُو ٹھاکر نے برادری کو یقین دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا: “اگر متوا پناہ گزینوں کے نام ووٹر لسٹ سے ہٹائے جاتے ہیں تو پریشانی کی ضرورت نہیں، انہیں شہریت ترمیمی قانون (CAA) کے تحت ہندوستانی شہریت مل جائے گی۔”

دوسری جانب ان کی رشتہ دار اور ترنمول کانگریس کی راجیہ سبھا رکن ممتا بالا ٹھاکر نے دو نومبر کو شمالی 24 پرگنہ کے ٹھاکر نگر میں متوا رہنماؤں کی میٹنگ بلائی ہے تاکہ آئندہ لائحۂ عمل طے کیا جا سکے۔ وہ ریاستی حکمراں جماعت کی طرف سے متوا برادری کی نمائندگی کرتی ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی-بھاشا سے کہا: “متوا لوگوں کے نام ہٹا دیے جائیں گے کیونکہ 2002 کے بعد آنے والے بہت سے افراد کے پاس دستاویزات نہیں ہیں، اور وہ ووٹ کا حق کھو دیں گے۔

بی جے پی کے شہریت کے نعرے کو سمجھنے کے بعد متوا عوام اب ہمیں ووٹ دے رہے ہیں۔” بی جے پی ایم ایل اے سبرت ٹھاکر نے بھی تسلیم کیا کہ 2002 سے 2025 کے درمیان آنے والے لوگ مطلوبہ دستاویزات نہیں دکھا پائیں گے۔ ان کے مطابق ریاست میں تقریباً 30 سے 40 لاکھ پناہ گزین سی اے اے کے تحت شہریت کے اہل ہو سکتے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بنگاؤں اور راناعاٹ لوک سبھا حلقوں میں 25 سے 40 فیصد ووٹروں پر اس کا اثر پڑ سکتا ہے۔

متوا مہا سنگھ کے جنرل سکریٹری مہیتوش بیدیا نے کہا: “صورتحال میں ابہام اور خوف ہے۔ دونوں حکومتیں باتیں تو کر رہی ہیں لیکن کوئی واضح حل نہیں دے رہیں۔” انہوں نے مرکز اور ریاستی حکومتوں پر الزام لگایا کہ وہ ہندو پناہ گزینوں کو ’’گمراہ‘‘ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا: “2014 سے پہلے آنے والوں کے لیے بھی کوئی وضاحت نہیں۔ اگر کوئی 2005 یا 2013 میں آیا ہے تو اس کا نام 2002 کی ووٹر لسٹ میں نہیں ہے۔ اور جو 31 دسمبر 2014 کے بعد آئے ہیں وہ سی اے اے کے تحت درخواست بھی نہیں دے سکتے۔ وہ کیا کریں گے؟” اس معاملے پر بی جے پی کے اندر بھی اختلافات سامنے آئے ہیں۔ متوا رہنما اور بی جے پی ایم پی اسیم سرکار نے کہا کہ تقریباً 15 لاکھ متوا ووٹرز اپنے ووٹ کا حق کھو سکتے ہیں۔