گوہاٹی: گلوکار زوبین گرگ کے انتقال کے بعد سے ہی ان کی موت کی تفتیش جاری ہے۔ اس معاملے میں آئے دن بڑی اپڈیٹ سامنے آ رہی ہے۔ اب یہ اطلاع ملی ہے کہ سنگاپور پولیس فورس نے مرحوم گلوکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ان کے انتقال سے متعلق ابتدائی نتائج کی ایک نقل بھارتی ہائی کمیشن کو بھیج دی ہے۔
بتایا گیا کہ یہ مطالبہ بھارت کی جانب سے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سنگاپور پولیس نے عوام کو یہ ہدایت دی ہے کہ وہ گلوکار کے احترام میں، ان کی موت کے حالات سے متعلق کوئی بھی ویڈیو یا تصویر شیئر نہ کریں۔ شیام کانو مہانت نے زوبین کی موت کے معاملے کی جانچ سی بی آئی کو دینے کا مطالبہ کیا آسام پولیس کے ذریعے گرفتار کیے گئے NEIF کے منتظم کانو مہانت نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کر کے معاملے کی تفتیش ریاستی سی آئی ڈی، سی بی آئی یا این آئی اے کو سونپنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شیکھر جیوتی گوسوامی اور گلوکارہ امرت پربھا مہانت کو کئی دنوں کی پوچھ گچھ کے بعد شام کو گرفتار کیا گیا۔ ان پر بھارتی تعزیراتِ قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ آسام پولیس کی سی آئی ڈی کے خصوصی ڈی جی پی مُنّا پرساد گپتا نے میڈیا کو بتایا کہ ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔
ساتھ ہی آسام کی عدالت نے گلوکار کی موت کے معاملے میں بینڈ کے اراکین شیکھر جیوتی اور امرت پربھا مہانت کو 14 دن کی پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔ زوبین گرگ کا 19 ستمبر کو سنگاپور میں سمندر میں تیرتے وقت پراسرار طور پر انتقال ہو گیا تھا۔ اس خبر نے سب کو حیران کر دیا تھا۔