نئی دہلی: قومی شماریاتی دفتر (NSO) کے 80ویں “گھریلو استعمال: صحت سروے” کے نتائج کے مطابق ملک بھر میں صحت کی سہولیات تک رسائی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ یہ بہتری سرکاری مداخلتوں، عوامی صحت خدمات کی توسیع اور انشورنس کوریج میں اضافے کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
این ایس او کے اس سروے میں دیہی اور شہری دونوں علاقوں کو شامل کیا گیا، جس کے تحت 1,39,732 گھرانوں سے معلومات حاصل کی گئیں۔ ان میں 76,296 دیہی اور 63,436 شہری گھرانے شامل تھے، جس سے صحت کی سہولیات تک رسائی، استطاعت اور استعمال کے رجحانات کے بارے میں تفصیلی اور زمینی سطح کی معلومات حاصل ہوئیں۔
وزارتِ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ این ایس او سروے کے نتائج اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں برسوں سے جاری عوامی سرمایہ کاری کے مثبت اثرات سامنے آئے ہیں۔ بیان کے مطابق بجٹ میں اضافے کی وجہ سے پرائمری، سیکنڈری اور ٹرشری سطح پر صحت کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں توسیع ہوئی ہے، انسانی وسائل مضبوط ہوئے ہیں، اور احتیاطی، فروغی اور علاجی صحت کے اقدامات میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔
سروے رپورٹ کے مطابق 2025 میں اسپتال میں داخلے کے دوران اوسط ذاتی خرچ (Out-of-Pocket Expenditure - OOPE) 11,285 روپے رہا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملک میں نصف سے زائد اسپتال داخلوں میں خرچ نسبتاً کم ہوتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ صرف چند کیسز میں زیادہ خرچ کی وجہ سے اوسط (میڈین) میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ یہ زیادہ خرچ عام رجحان نہیں بلکہ مخصوص پیچیدہ علاج کے معاملات تک محدود ہے۔ این ایس او کے 80ویں دور کے سروے کے مطابق سرکاری صحت مراکز میں ہونے والے نصف سے زائد داخلوں میں ذاتی خرچ صرف 1,100 روپے کے قریب رہا۔