نئی دہلی:مہنگائی میں کمی نے شرح سود میں کٹوتی کی گنجائش ضرور پیدا کی ہے، لیکن بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور پچھلے مالیاتی اقدامات کے پورے فائدے نہ ملنے کی وجہ سے مرکزی بینک نے شرح سود کے معاملے میں جوں کی توں حالت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات ریزرو بینک (آر بی آئی) کے گورنر سنجے ملہوترا نے بدھ کے روز بتائی۔
مالیاتی پالیسی کے جائزے کے بعد روایتی پریس کانفرنس میں ملہوترا نے کہا کہ مہنگائی میں ایک فیصد سے زیادہ کی نمایاں کمی اور اس کے تخمینے نے شرح سود میں کٹوتی کی گنجائش پیدا کی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جون میں انہوں نے کٹوتی کے لیے "محدود گنجائش" کا لفظ استعمال کیا تھا، جبکہ بدھ کے بیان میں "محدود" لفظ ہٹا کر صرف یہ کہا گیا کہ کٹوتی کی گنجائش موجود ہے۔
آر بی آئی کی جانب سے شرح سود میں کٹوتی نہ کرنے کے سوال پر ملہوترا نے کہا کہ پچھلی ایک فیصد سے زیادہ کی کٹوتی کا پورا فائدہ نہ ملنے، عالمی سطح پر غیر یقینی حالات اور جی ایس ٹی کو منطقی بنانے کے بڑھتے ہوئے اثرات کے سبب شرح سود مقرر کرنے والی کمیٹی نے جوں کی توں حالت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ملہوترا نے کہا، ’’ابھی بھی کافی غیر یقینی صورتحال ہے۔ ہم ہر ہفتے، ہر دن حالات دیکھتے ہیں اور ردعمل بھی دیکھتے ہیں، اسی لیے ایم پی سی کو لگا کہ ہمیں رُک جانا چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مالیاتی پالیسی کمیٹی کی تین روزہ میٹنگ میں رویہ "غیر جانبدار" سے "نرم" کرنے پر بھی غور ہوا، جس میں چھ میں سے دو اراکین نے تبدیلی کی حمایت کی۔
گورنر نے کہا کہ ترقی کے محاذ پر پہلی سہ ماہی کے اعداد و شمار خوشگوار حیرت کا باعث رہے ہیں، لیکن مالی سال کی دوسری ششماہی میں کچھ چیلنجز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہی وجہ ہے کہ تیسری اور چوتھی سہ ماہی کے لیے حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو کے اندازے میں معمولی کمی آئی ہے۔ گورنر نے کہا کہ ترقی کے محاذ پر چیلنجز بنیادی طور پر امریکی محصولات کی وجہ سے سامنے آئیں گے۔ البتہ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک گھریلو طلب پر مبنی معیشت ہے اور محصولات کا مجموعی اثر محدود رہے گا۔