سدھو موسے والا کیس:اب تک 8گرفتار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-06-2022
سدھو موسے والا کیس:اب تک 8گرفتار
سدھو موسے والا کیس:اب تک 8گرفتار

 

 

لدھیانہ: پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میں پنجاب پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ ایس آئی ٹی نے اس معاملے میں 8 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان سبھی پر الزام ہے کہ انہوں نے شوٹروں کولاجسٹک مدد فراہم کی۔ گرفتار لوگوں میں سے ایک نے موسے والا کے بارے میں تمام معلومات شوٹروں کو دے دی تھیں۔

کیکڑے عرف سندیپ وہی شخص ہے جس نے اپنے گھر کے باہر چائے پینے کے بعد سنگر کے ساتھ سیلفی لی۔ کیکڑے پر الزام ہے کہ اس نے شوٹروں کو گلوکار موسے والا کے گھر سے نکلنے کی اطلاع دی تھی۔

گرفتار ملزمان کی شناخت ہریانہ کے سرسا کے سندیپ سنگھ عرف کیکڑا ، بھٹھنڈہ کے من پریت سنگھ عرف منا، فرید کوٹ کے من پریت بھاؤ، امرتسر کے سرج منٹو، ہریانہ کے پربھدیپ سدھو عرف پبی، کے طور پر کی گئی ہے۔جب کہ پون بشنوئی اور نصیب دونوں فتح آباد، ہریانہ کے رہنے والے ہیں،

پولیس نے اس واقعے میں ملوث چار شوٹروں کی بھی شناخت کر لی ہے۔ گرفتار افراد کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے، اے ڈی جی پی اینٹی گینگسٹر ٹاسک فورس پرمود بان نے منگل کو کہا کہ سندیپ عرف کیکڑا، گولڈی برار اور سچن تھاپن کی ہدایت پر، موسے والا کا مداح ہونے کا بہانہ کرکے گلوکار کی سرگرمیوں پر نظر رکھتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیکڑے نے گلوکار کے قتل سے چند منٹ قبل ان کے ساتھ سیلفی بھی لی تھی۔ اے ڈی جی پی نے کہا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک نے موسی والا کی تفصیلات باقی تمام شوٹروں کو بتائی تھیں۔