شیموگا پل کا افتتاح ،دعوت نامے پر تنازعہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2025
شیموگا پل کا  افتتاح ،دعوت نامے پر تنازعہ
شیموگا پل کا افتتاح ،دعوت نامے پر تنازعہ

 



بنگلورو، 14 جولائی (پی ٹی آئی)کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ اور ان کے وزراء شیواموگّا کے ساگرہ تعلقہ میں شگندور پل کی افتتاحی تقریب اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ انہیں اس میں مدعو نہیں کیا گیا، اور یہ بائیکاٹ بطور احتجاج کیا جا رہا ہے۔

تاہم، مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سدارامیا کو 11 جولائی کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجا گیا تھا تاکہ وہ اس پروگرام کی صدارت کریں، ممکنہ مصروفیات کے پیشِ نظر 12 جولائی کو ایک اور خط ارسال کیا گیا تھا جس میں ان سے آن لائن شرکت کی درخواست کی گئی تھی۔گڈکری نے دونوں خطوط کی تصاویر بھی ’ایکس‘ پر شیئر کی ہیں۔

سدارامیا نے پیر کے روز کہا کہ ہم میں سے کوئی بھی اس پروگرام میں شریک نہیں ہو رہا، مجھے دعوت نہیں دی گئی۔ میں نے فون پر نتن گڈکری سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ پروگرام ملتوی کر دوں گا، پھر میں نے انہیں خط لکھا۔ شاید بی جے پی کے لیڈروں نے ان پر دباؤ ڈالا اور میرے علم میں لائے بغیر پروگرام کر رہے ہیں۔ میں نہیں جا رہا، میری انڈی (وجیاپورا) میں پہلے سے طے شدہ مصروفیت ہے، جو ایک ماہ پہلے طے ہوئی تھی، میں وہیں جا رہا ہوں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا، "بطور احتجاج ہم میں سے کوئی نہیں جا رہا، نہ میں، نہ پی ڈبلیو ڈی کے وزیر، نہ ضلعی انچارج وزیر اور نہ ساگرہ کے ایم ایل اے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس سے مرکز اور ریاست کے درمیان تناؤ نہیں بڑھے گا تو سدارامیا نے کہا، "انہیں (مرکز کو) دعوت دینی چاہیے تھی نا؟ جھگڑا کس نے شروع کیا؟ انہوں نے شروع کیا۔ پروٹوکول کی پیروی ہونی چاہیے۔ پروگرام ہمارے ریاست میں ہو رہا ہے اور ہم وفاقی نظام میں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ریلوے اور دیگر منصوبوں میں، جن میں ریاست بھی اپنا حصہ ڈالتی ہے، ہم مرکزی وزیروں کو افتتاحی تقاریب میں مدعو کرتے ہیں۔ پروٹوکول کے مطابق انہیں مجھے، پی ڈبلیو ڈی کے وزیر، مقامی ایم ایل اے اور ضلعی انچارج وزیر کو مدعو کرنا چاہیے تھا، لیکن ہمیں مدعو نہیں کیا گیا۔ میں نے گڈکری کو پروگرام شیڈول دیکھنے کے بعد فون کیا تھا۔نتن گڈکری نے پیر کو "شگندور پل" کا افتتاح کیا، جو سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت کا دوسرا سب سے طویل کیبل اسٹے پل ہے اور امبروگوڈلو-کلاسوالی کے درمیان ساگرہ تعلقہ میں واقع ہے۔ اس پل کی تعمیر پر 472 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

گڈکری نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ علاقائی رابطے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آج شیواموگّا، کرناٹک میں متعدد اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ جناب سدارامیا جی کو 11 جولائی 2025 کو باضابطہ دعوت دی گئی تھی تاکہ وہ اس پروگرام کی صدارت کریں۔ کسی بھی ممکنہ مصروفیت کے پیشِ نظر، 12 جولائی کو ایک اور خط بھیجا گیا تھا جس میں ان سے آن لائن شرکت کی درخواست کی گئی تھی۔"

گڈکری نے کہا کہ مرکزی حکومت ہمیشہ طے شدہ پروٹوکول پر عمل کرتی رہی ہے اور حکومتِ کرناٹک اور وزیر اعلیٰ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "مرکز کوآپریٹو فیڈرلزم اور تمام ریاستوں کے ساتھ قریبی رابطے کے لیے پرعزم ہے۔اتوار کی شام وزیر اعلیٰ کے دفتر نے سدارامیا کا 11 جولائی کو گڈکری کو لکھا گیا خط بھی جاری کیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پہلے سے اطلاع نہیں دی گئی اور اس لیے تقریب ملتوی کی جائے۔

وجیاپورا ضلع کے انڈی تعلقہ کے اپنے شیڈول کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اپنے خط میں کہا تھا کہ مو آر ٹی ایچ (وزارت برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں) کے لیے زیادہ مناسب ہوتا کہ وہ پروگرام شیڈول کرنے سے پہلے ریاستی حکومت سے مشاورت کرتی، اور انہوں نے گڈکری سے اس سلسلے میں حکام کو ہدایت دینے کی درخواست کی تھی۔